‘پارلیمنٹ ایک عمارت کا نام ہے، اس کی عزت پارلیمنٹیرینز کے کردار سے ہے‘


عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ حدیبیہ پیپر ملز بھی منی لانڈرنگ کے لیے بنائی گئی تھی

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ایک عمارت کا نام ہے اور اس میں موجود پارلیمنٹیرینز اپنے کردار سے اس کی عزت اوپر یا نیچے لے کر جاتے ہیں۔

جمعرات کو اسلام آباد میں بنی گالا میں واقع اپنی رہائش گاہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے لاہور میں اپنے گذشتہ روز کے بیان کے بارے میں کہا کہ ‘پارلیمان کو پارلیمنٹیرینز نے ہی تباہ کیا ہے‘۔

انھوں نے نواز شریف اور خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ جیسے لوگوں نے اسمبلی تباہ کی ہے‘۔

‘پارلیمنٹ کو پارلیمنٹیرینز نے ہی تباہ کیا کیونکہ یہ پارلیمان جو ٹیکس چور ہے، جسے تین سو ارب روپے کا جواب دینا ہے، ۔۔۔عدالت میں جھوٹ بولتا ہے، ۔۔۔۔ اس کے لیے قانون بناتی ہے کہ وہ پارٹی کا سربراہ رہ سکتا ہے، حکمراں جماعت پاکستان کے خزانے پر بیٹھی ہوئی۔۔۔۔ اور خزانے پر چور بٹھا دیا۔’

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کی ’لعنت‘ پر اسمبلی کی متفقہ مذمت

عمران خان کی ’شادی‘، نواز شریف کا طنز

ایسی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہوں جو مجرم کو پارٹی کا صدر بنائے: عمران خان

بدھ کو عمران خان نے لاہور میں حزب اختلاف کے احتجاجی جلسے سے خطاب میں پارلیمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ‘ایسی پارلیمان پر لعنت بھیجتے ہیں جو ایک مجرم کو پارٹی سربراہ بنائے’ جبکہ شیخ رشید احمد نے پارلیمان پر تنقید کرتے ہوئے اپنے استعفے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ اس بیان کے بعد قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے قائد شیخ رشید احمد کے پارلیمان کے خلاف بیانات پر ایک مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔

عمران خان

عمران خان نے لاہور میں متحدہ حزب اختلاف کے احتجاج کے بارے میں کہا کہ اس کا مقصد مجمع اکٹھا کرنا نہیں تھا

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ‘مجھے کیوں نکالا’ کی دوسری قسط پیش کرنے جا رہے ہیں جس میں انھوں نے شریف خاندان پر منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے ہیں۔

عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ’نواز شریف ہل میٹل، اپنے ملازمین اور پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے ذریعے رقوم بیرون ملک بھیجتے تھے جو دبئی اور پھر آگے جاتی تھی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’حدیبیہ پیپر ملز بھی منی لانڈرنگ کے لیے بنائی گئی تھی‘۔

عمران خان نے لاہور میں متحدہ حزب اختلاف کے احتجاج کے بارے میں کہا کہ اس کا مقصد مجمع اکٹھا کرنا نہیں تھا۔

‘ہم ان جماعتوں کے ساتھ وہاں بیٹھے تھے جن کے ساتھ ہمارے بہت بڑے اختلافات ہیں لیکن یہ بتانے کے لیے کہ ایک انسانیت کی بنیاد پر، انصاف کے لیے وہ تمام اکٹھے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32469 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp