عمران خان نے روایتی بہادری سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیج دی


عمران خان نے کل مال روڈ پر اس جگہ کھڑے ہو کر پارلیمنٹ سے فاتحانہ خطاب کیا جہاں کبھی ملکہ وکٹوریہ کا مجسمہ لگا ہوا تھا۔ عمران خان نے اپنی روایتی بہادری سے کام لیتے ہوئے پارلیمنٹ پر لعنت بھیج دی۔ اس تقریر کے بعد تھر تھر کانپتی ہوئی یہ ظالم حکومت چند ماہ سے زیادہ عمران خان کے سامنے نہیں ٹک پائے گی اور ختم ہو جائے گی۔

عمران خان نے نہایت دلیری سے کام لیتے ہوئے کہا کہ ’پارلیمنٹ میں چوروں کا مافیا بیٹھ گیا ہے، میں کیسے ایسی پارلیمنٹ کی عزت کروں جہاں مجرم بیٹھےہوئے ہیں، یہ کیسی پارلیمنٹ ہے جس میں وزیراعظم نے کھڑے ہو کر جھوٹ بولا‘۔ واقعی اس حق بات سے ہمارے علاوہ جہانگیر ترین جیسے صاحب کردار آدمی بھی اتفاق کریں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ’ملک کا وزیر خارجہ دبئی میں ایک کمپنی میں کام کر رہا ہے، جس کی 16 لاکھ روپے تنخواہ ہے اور ان کے بینک اکاؤنٹس سے امریکا پیسے جارہے ہیں جو ان کی بیوی کو ملتے ہیں‘۔ اس بات سے عمران خان کے متعصب ترین مخالف بھی اتفاق کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اگر کسی شخص کے بیوی بچے ملک سے باہر ہوں تو ظاہر ہے کہ وہ انہیں ملک سے باہر ہی پیسے بھیجے گا، ادھر انہیں بھوکا تو نہیں مرنے دے گا اور باپ ہونے کا فرض نبھائے گا۔ تو جس جس رکن پارلیمنٹ کے بچے ملک سے باہر ہیں وہ لازمی پیسے باہر بھیجتا ہو گا اور عمران خان کی اس لعنت کی زد میں آئے گا۔

پارلیمنٹ میں بیٹھے افراد آخر کرتے کیا ہیں؟ عوامی فلاح کے، عوام کی زندگی بہتر بنانے کے کتنے قانون پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے ہیں؟ قانون کا منظور ہونا یا نہ ہونا دوسری بات ہے، مگر اراکین پارلیمنٹ کا یہ فرض تو ہے۔ ان کے حلقے کے عوام اسی مقصد کے لئے ان کو پارلیمنٹ میں بھیجتے ہیں اور عوام کی پارلیمنٹ کے اندر بیٹھ کر نمائندگی کرنے کی ہی ان کو لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ ملتی ہے۔ اگر کوئی ممبر اپنا یہ فرض ہی پورا نہیں کرے گا تو اس کی تعریف کی جائے گی یا اس کو لعنت ملامت کی جائے گی؟ اراکین پارلیمنٹ کے عوام کو اس طرح نظرانداز کرنے پر ہی عمران خان ساڑھے چار برس میں ادھر کل چار مرتبہ گئے ہیں۔ ایسے بے حس لوگوں کے ساتھ کون شریف آدمی بیٹھ سکتا ہے؟ شکر ہے کہ عمران خان کی بطور رکن پارلیمنٹ تنخواہ خود بخود ان کے اکاؤنٹ میں جمع ہوتی رہتی ہے ورنہ وہ عوام کی خدمت کیسے کر پاتے؟

عمران خان کی اس دلیرانہ تقریر کے نتیجے میں ہمیں امید ہے کہ وہ تمام اراکین اپنے استعفے دے دیں گے جنہیں عمران خان نے خوب لتاڑا ہے۔ دیکھتے رہیے، ابھی استعفوں کی جھڑی لگے گی۔ بلکہ ایک استعفی تو آ بھی گیا ہے۔ شیخ رشید نے پارلیمنٹ سے استعفی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

امید ہے کہ ان سب پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد ہر انصاف پسند شخص عمران خان کی اس بات سے اتفاق کرے گا کہ عدالت سے تنخواہ وصول نہ کرنے کی بنیاد پر نااہل ہونے والے شخص کو پارٹی کا سربراہ بنانے والی پارلیمنٹ پر لعنت بھیج دینی چاہیے۔

ہم عمران خان کی بہادری کی بھرپور داد دیتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ آئندہ الیکشن میں وہ اس پارلیمنٹ کے سردار بن جائیں گے جسے وہ لعنتی سمجھتے ہیں۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar