احتساب دے چیف کمشنر ساب بہادر۔۔۔ مسمی منو بھائی مر گیا


احتساب کے چیف کمشنر صاحب بہادر کو اطلاع ہو کہ مسمی منیر احمد (عرف منو بھائی)، پیدائش وزیر آباد، سکنہ لاہور –

(پرکھے) بھگت سنگھ وغیرہ،

ساتھی۔۔۔۔ (سب مر گئے)،

باقی یافتہ (امید قائم ہے)۔۔۔

آج مر گیا۔

احتساب دے چیف کمشنر ساب بہادر مبارک۔۔۔  منو بھائی مر گیا۔ اب کئی صدیوں تک کوئی مردود آپ کے اقبال پر انگلی نہیں اٹھائے گا۔

تفصیل واردات مسمی منیر احمد (عرف) منو بھائی، کالم نگار روز نامہ جنگ بہ عنوان “گریبان” ۔۔۔۔ فائل مفصل برائے ملاحظہ لف ہذا ہے۔

ریاستی اداروں کی توہین برملا کی ہے۔ نظریہ پاکستان سے انکار کا جرم ثابت ہے۔

کسی ملا فرتوت کی کبھی پاپوش برداری نہیں کی۔ اللہ گناہ معاف کرے۔

فانی انسان بالخصوص ماں سے محبت کرتا تھا۔

انسانیت سے محبت کا درس اسلام نہیں دیتا (بحکم مولوی پیر افضل قادری – ٹویٹ # 53566890)

اسلام امن کا مذہب نہیں۔ (بحکم مولوی  خادم حسین رضوی پریس ریلیز # 768954)۔

مسمی منیر احمد عرف منو بھائی ان ثابت احکام سے انکار کرتا تھا۔ اس کا جرم ثابت تھا۔ لاہور کا مکین ہونے کے باعث فرض شناس پولیس کوتوال راؤ انوار کی دسترس سے باہر تھا ورنہ پولیس مقابلے میں مارا جاتا۔

آج منو بھائی مر گیا۔ اگر زندہ رہتا تو کوئی دن تھا کہ ایسی قدرتی موت ملتی جیسی فلسفے کے استادوں کے نصیب میں لکھی ہے۔ ان کی بیٹیاں پرسہ کرنے والوں کو بتاتی ہیں کہ فکر کی بات نہیں، ابا کی موت طبعی تھی۔ اتفاق سے پندرہ بیس (عین ممکن) حقائق ایک روز اچانک ایک شخص کی ذات میں جمع ہو گئے جو ہمیں پسند نہیں تھا۔ خیر، احتساب دے چیف کمشنر ساب بہادر کے لئے اطلاع ہے کہ مسمی منیر احمد عرف منو بھائی مر گیا۔

احتساب دے چیف کمشنر ساب بہادر کا اقبال سلامت رہے، آئندہ پاکستان میں ایسا صحافی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اطلاع برائے اخباری مالکان، اخبار فروش ہاکر یونین، کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن جاری کر دی گئی ہے۔

یاد دہانی کے لئے مسمی منو بھائی، صحافی (بنجر، قدیم، ناممکن) کی ایک باغیانہ نظم لف ہذا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).