ترکی کی شام میں امریکی حمایت یافتہ کردوں کے خلاف کارروائی


شام

ترکی کی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے شام کے شمال میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی سے منسلک کرد ملیشیا کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔

ترکی شام کے علاقے عفرین سے کرد جنگجوؤں کا انخلا چاہتا ہے جو کہ سنہ 2012 سے کردوں کے کنٹرول میں ہے۔

واضح رہے کہ ترکی نے اس سے پہلے کردوں کے خلاف ایک مکمل فوجی آپریشن کی دھمکی بھی دی تھی۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

شام کی جنگ: سرحد پر ‘دہشت گرد فوج’ کے امریکی منصوبے پر ترکی کی تنقید

ترکی کردوں کے ساتھ امریکی اتحاد قبول نہیں کرے گا: اردوغان

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ایک بار پھر کرد افواج کی شام میں موجودگی کی مذمت کرتے ہوئے اسے علیحدگی پسند کرد تنظیم ‘پی کے کے‘ کا لازمی جز قرار دیا۔

ترکی کے سرکاری میڈیا کے مطابق شام کے علاقے عفرین پر صوبے ہیٹے سے بمباری کی گئی۔

کرد

دوسری جانب روس کے وزیرِ خارجہ نے علاقے سے روسی فوجیوں کو نکالنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔

ترکی کا کہنا ہے کہ وہ شام کے علاقے عفرین سے کرد جنگجوؤں کا خاتمہ کرے گا جو کہ سنہ 2012 سے کردوں کے زیرِ کنٹرول ہیں۔

واضح رہے کہ ترکی وائی پی جی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔

ادھر شام نے ترکی کی جانب سے کسی بھی قسم کی کارروائی پر ترکی کے طیاروں کو مار گرانے کی دھمکی دی ہے۔

ترکی کے وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ شام کے شمال میں کرد ملیشیا کے خلاف بمباری عفرین پر چڑھائی کرنے کے منصوبہ کا آغاز ہے۔

ادھر وائی پی جی کا کہنا ہے کہ عفرین میں رات بھر میں 70 گولے داغے گئے۔

عفرین میں سیئرین ڈیموکریٹک کونسل کے رہنما نے بی بی سی عربی کو بتایا کہ عفرین پر کی جانے والی گولہ باری کے بعد شہری محفوظ پناہ تلاش کرتے رہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب عفرین پر گولہ باری جاری تھی تو اس وقت عام شہری، خواتین اور بچے اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے یہاں تک کہ وہ گولہ باری ختم ہونے تک محفوظ پناہ گاہوں کو تلاش کرتے رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp