کابل کے انٹرکانٹینینٹل ہوٹل پر مسلح افراد کا حملہ


کابل

امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایک روز قبل ہی کابل میں عوامی مقامات پر ممکنہ حملے کی تنبیہ جاری کی تھی

افغانستان میں حکام کے مطابق دارالحکومت کابل میں انٹرکانٹینینٹل ہوٹل پر چار مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔

افغان وزارت خارجہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ سپیشل فورسز نے دو حملہ آروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

افغان خفیہ ادارے کے ایک اہلکار نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ مسلح افراد ‘مہمانوں پر فائرنگ کر رہے تھے۔’

حکام کا کہنا ہے کہ کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ مقامی ذرائع ابلاغ کی جانب سے کئی لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع دی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے (ساڑھے چار بجے جی ایم ٹی وقت) کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں!

کابل: ثقافتی تنظیم کے دفتر میں خودکش حملہ، 40 ہلاک

کابل:خفیہ ایجنسی کے دفتر کے قریب دھماکہ، دس افراد ہلاک

افغانستان دھماکے میں نو ہلاک، متعدد زخمی

نصرت رحیمی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہوٹل کی پہلی منزل کلیئر کر دی ہے لیکن حملہ آرو دوسری منزلوں پر موجود ہیں۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ہوٹل میں مہمانوں میں غیرملکی بھی شامل ہیں اور اس کی عمارت کی تیسری منزل پر آگ بھڑک اٹھی ہے جہاں کچن واقع ہے۔

کابل

اسی ہوٹل کو طالبان کی جانب سے سنہ 2011 میں نشانہ بنایا گیا تھا جس میں نو حملہ آوروں سمیت 21 افراد ہلاک ہوئے تھے

بعض اطلاعات کے مطابق ہوٹل میں ایک آئی ٹی کانفرنس منعقد ہورہی تھی جس میں صوبائی حکام بھی موجود تھے۔ ایک عینی شاہد نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ حملوں آروں نے لوگوں کو یرغمال بھی بنایا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایک روز قبل ہی کابل میں عوامی مقامات پر ممکنہ حملے کی تنبیہ جاری کی تھی۔

ہوٹل میں ایک مہمان نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ لوگ اپنے کمروں میں چھپے ہوئے تھے۔

ایک مہمان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے جانتا کہ حملہ آور ہوٹک کے اندر ہیں یا نہیں لیکن میں پہلی منزل کے قریب سے گولیوں کی آواز سن سکتا تھا۔’

خیال رہے کہ انٹرکانٹینینٹل سرکاری ہوٹل ہے جہاں اکثر شادیاں، کانفرنسیں اور سیاسی تقریبات منعقد ہوتے ہیں۔ اسی ہوٹل کو طالبان کی جانب سے سنہ 2011 میں نشانہ بنایا گیا تھا جس میں نو حملہ آوروں سمیت 21 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp