پنجاب نہیں جاؤں گی: پاکستان کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم


مہوش حیات،ہمایوں سعید اور عروہ حسین کی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ نے نہ صرف پنجاب میں دھوم مچائی بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھرمیں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی پاکستانی فلم بن گئی۔
ہمایوں سعید اور مہوش حیات نے سوشل میڈیا پر مداحوں سے یہ خبر شیئر کرتے ہوئے فلم کی کاسٹ اورکریو کو مبارکباد دی ہے۔
ہمایوں سعید نے انسٹاگرام پر پیغام میں کہاکہ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کے لئے مسلسل محبت نچھاورکرنے کا شکریہ۔ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کو پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنانے کے لئے شکریہ۔
ہمایوں سعید کا یہ بھی کہنا تھا کہ ناروے ہو یا کینیڈا یا پھر امریکا یا برطانیہ، قطر ہو یا یو اے ای، اتنے کم وقت میں فلم کی اتنی زیادہ کامیابی ہماری بھی توقعات سے زیادہ ہے۔
مہوش حیات نے بھی فلم کی غیرمعمولی کامیابی پر اپنے جذبات کا اظہار انسٹاگرام پر کچھ اس طرح کیا۔’’یہ لمحہ یادگار ہے جب ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ نے دنیا بھرمیں پچاس کروڑ سے زیادہ کمائی کی۔ اس کا کریڈٹ آپ کو۔۔ ہمارے چاہنے والوں کو جاتا ہے۔’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کی ٹیم کی طرف سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھرمیں کامیاب کرانے کے لئے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ اب میں پنجاب ضرورجاؤں گی۔‘‘
ہمایوں سعید کی پچھلی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ بھی بلاک بسٹر تھی اور یہ پاکستانی سینما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).