ریسرچ لیبارٹری کو آگ لگا دی گئی، طلبا تنظیموں کا تصادم، آنسو گیس شیلنگ؛ پنجاب یونیورسٹی


جامعہ پنجاب میں 2 طلبہ گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد طلبہ زخمی ہوگئے جبکہ ایک گروپ نے جامعہ کے الیکٹریکل انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ میں واقع ریسرچ لیبارٹری کو نذر آتش کردیا۔

تصادم اس وقت شروع ہوا جب ایک طلبہ گروپ کی جانب سے جامعہ میں جاری دوسری طلبہ تنظیم کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں دھاوا بولا گیا۔

اس حوالے سے اسلامی جمعیت طلبہ کا کہنا تھا کہ جامعہ پنجاب میں ہر سال کی طرح اس سال بھی پائینیر فیسٹول منعقد کیا گیا تھا اور اسی فیسٹول کی تیاریاں جاری تھی کہ پختون اور بلوچ طلبہ کے گروپوں نے دھاوا بول دیا۔

دوسری جانب پختون اور بلوچ طلبہ کے گروپ نے دعویٰ کیا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے ان پر حملہ کیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے اس تصادم کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ معاملے کی چھان بین کی جارہی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ رہے ہیں، جس کی مدد سے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ مشتعل طلبا کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جامعہ پنجاب میں کئی مرتبہ طلبہ گروپوں میں تصادم ہوتے رہے ہیں، گزشتہ سال بھی ایک گروپ کے ثقافتی پروگرام کے موقع پر دوسرے گروپ کی جانب سے دھاوا بولا گیا تھا، جس کے نتیجے میں بھی متعدد طلبہ زخمی ہوئے تھے۔

اس حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے متعدد مرتبہ ملوث طلبا کے داخلے ختم کرکے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے گئے، تاہم اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).