جہاز سے گرنے والا ’انسانی فضلہ‘ چھپا کر فریج میں کیوں رکھ دیا؟


انڈین حکام کو شبہہ ہے کہ شمالی ریاست ہریانہ کے ایک گاؤں میں جہاز سے گرنے والا برف کا گولا جما ہوا انسانی فضلہ ہے۔

سنیچر کو فضل پور بدلی گاؤں میں دس سے بارہ کلو گرام وزنی برف کا ایک گولا ’دھڑم‘ سے گرا جس سے وہاں کے رہائشی خوفزدہ ہوگئے۔ گڑگاؤں کے اعلیٰ اہلکار ویویک کالیا نے بی بی سی کو بتایا کہ گاؤں میں رہنے والے بعض افراد کو لگا جیسے ’خلا سے کوئی شے‘ گری ہے۔

جہازوں میں موجود ٹوائلٹس میں انسانی فضلے کو ٹینکس میں رکھا جاتا ہے۔ عام طور پر جہاز کے اترتے ہی اس فضلے کو نکال لیا جاتا ہے، لیکن بین الاقوامی ایوایشن انتظامیہ یہ تسلیم کرتی ہے کہ بعض اوقات جہازوں کے ٹوائلٹس سے یہ فضلہ فضا میں ہی نکل جاتا ہے۔ ویویک کالیا نے بتایا کہ’نمونوں کو کیمیکل تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے، لیکن ہمیں شک ہے کہ یہ جما ہوا فضلہ ہی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایک بہت بڑا برف کا گولا تھا جو سنیچر کو آسمان سے گرا۔ اس کے گرنے کی آواز اتنی شدید تھی کہ گاؤں کے لوگ بھاگتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر آگئے۔;

ٹائمز آف انڈیا اخبار کے مطابق بعض ’اپنے کپڑوں میں چھپا کر اس کے کچھ ٹکڑے لے گئے اور اسے فریج میں رکھ دیا۔‘

انڈین محکمہ موسمیات کے ایک اعلیٰ اہلکار کا جنھوں نے اس کے ایک چھوٹے ٹکڑے کا تجزیہ کیا کہنا ہے کہ ’یہ بات تو طے ہے کہ یہ کوئی موسمیاتی شے  نہیں۔‘

دسمبر 2016 میں انڈیا کی ایک عدالت نے حکم دیا تھا کہ اگر کسی بھی جہاز سے فضا میں ہی انسانی فضلہ گرا تو اس ائیر لائنز پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ جما ہوا انسانی فضلہ جہازوں کے ٹوائلٹس میں ایک حد سے بڑھ جاتا ہے اور پھر زمین پر آ گرتا ہے۔ انھیں بعض اوقات ’بلیو آئس‘ کہا جاتا ہے، کیونکہ ٹوائلٹس میں کیمیکلز کو ڈالا جاتا ہے تاکہ بدبو کم ہو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32192 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp