شبقدر میں طالب علم نے توہین رسالت کے الزام میں پرنسپل کو قتل کردیا


شبقدر میں توہین رسالت کا الزام لگا کر طالب علم نے کالج کے پرنسپل سریر احمد کو قتل کردیا۔ شب قدر میں توہین رسالت کا الزام لگا کر سیکنڈ ایئر کے طالب علم نے پرنسپل کو قتل کر دیا۔ ایف سی اہلکاروں نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا، طلبا اور عوام سراپا احتجاج بن گئے۔

مٹہ روڈ پر واقع نیو اسلامیہ پبلک ہائی اسکول اینڈ کالج میں زیرتعلیم سید فہیم شاہ نے کالج کے اندر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے پرنسپل سریر احمد شدید زخمی ہو گئے اور اسپتال میں چل بسے۔ گرفتاری کے وقت ملزم نعرے لگا رہا تھا کہ اس نے توہین رسالت ﷺ کے مرتکب کو انجام تک پہنچادیا ہے مگر دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ پرنسپل سریر احمد صوم وصلوٰۃ کے پابند اور حافظ قرآن بھی تھے۔ ملزم کی طرف سے توہین رسالتﷺ کے حوالے سے الزامات میں کوئی صداقت نہیں

پرنسپل کے بہیمانہ قتل کے خلاف شب قدر میں عوام اور طلبا سڑکوں پر نکل آئے۔ ذرائع کے مطابق ملزم فہیم تحریک لبیک کے توہین رسالت ﷺکے حوالے سے فیض آباد دھرنے میں شرکت کیلیے گیا تھا اور کالج سے غیر حاضری پر انتظامیہ نے معمول کے مطابق اسے غیر حاضر کیا تھا، اس حوالے سے پرنسپل سے کچھ روز پہلے ملزم کی تکرار ہوئی تھی۔ ڈی پی او چارسدہ ظہور خان آفریدی کا کہنا ہے کہ توہین رسالت کے حوالے سے تاحال کوئی تصدیق نہیں ہوئی، گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے، جلد اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).