قصور: ’سات سالہ بچی زینب سے’جنسی زیادتی اور اس کے قتل کا اہم مشتبہ ملزم گرفتار‘


پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زینب انصاری کیس میں پولیس نے ایک اہم گرفتاری کی ہے جس کی تفصیلات آئندہ چند گھنٹے میں ڈی این اے کی حتمی رپورٹ کے بعد فراہم کی جائیں گی۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیا جانے والا ملزم قصور کے علاقے روڈ کوٹ کا ہی رہائشی ہے اور اسے پیر کی شب حراست میں لیا گیا۔

زینب انصاری کو رواں ماہ کے آغاز میں کوٹ روڈ پر واقع ان کی رہائش گاہ کے قریب سے اغوا کر لیا گیا تھا اور ان کی لاش چند دن بعد ایک کوڑے کے ڈھیر سے ملی تھی۔

زینب کی لاش ملنے کے بعد قصور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے بھی اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔

اتوار کو چیف جسٹس نے اس معاملے کی تحقیقات کرنے والے ادراوں کو مزید 72 گھنٹے کی حتمی مہلت دی تھی جو آج ختم ہو رہی ہے۔

پنجاب حکومت کے ترجمان محمد احمد خان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ ملزم کو اس سے پہلے بھی حراست میں لیا گیا تھا تاہم ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔

قصورترجمان حکومتِ پنجاب کے مطابق ملزم کو پولیس نے پاک پتن سے حراست میں لیا اور وہ حلیہ تبدیل کرتا رہتا تھا۔تھانہ اے ڈویژن کی پولیس نے ملزم کو حکومتِ پنجاب کی جانب سے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بھی پیش کیا ہے۔

محمد احمد خان کے مطابق زینب کیس کی تفتیش کے دوران قصور میں 600 افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس ملزم کی گرفتاری پر زینب ہی نہیں، ان سات بچیوں کے مقدمات کا حل بھی منحصر ہے جنہیں قصور میں گذشتہ دو برس کے دوران اِغوا کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق ان میں سے تین خوش قسمتی سے زندہ بچ گئیں۔

زینب کیس‘ان کے مطابق ‘مردہ اور زخمی حالت میں ملنے والی تمام بچیوں کے جسموں سے حاصل کیے جانے والے ڈی این اے کے نمونے آپس میں مطابقت رکھتے ہیں یعنی وہ ایک ہی شخص کے ہیں۔’بچیوں کے اغوا اور ان سے جنسی زیادتی کے بعد قتل کی یہ وارداتیں زینب انصاری کی رہائش گاہ کے تقریباً تین مربع کلومیٹر کے علاقے میں ہوئی تھیں۔

پولیس کے مطابق قصور میں سنہ 2015 سے لے کر اب تک چھوٹی بچیوں کو اغوا کے بعد زیادتی کر کے قتل کرنے کی 12 وارداتیں ہو چکی ہیں۔

ان میں سے تین وارداتوں میں ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ آٹھ وارداتیں ایسی ہیں جن میں مجرم عدم گرفتار تھا۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32500 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp