اسلام آباد: نیا ایئرپورٹ مکمل، لیکن نام کیا رکھیں؟


نیو ایئر پورٹ

سابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے گذشتہ برس مئی میں اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح اگست کے وسط میں کیا جائے گا۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کا نیا ہوائی اڈہ تعمیر کے تقریباً تمام مراحل طے کرچکا ہے، لیکن جہاں اس تک رسائی کے راستے اب بھی ناہمواریوں کا شکار ہیں وہیں اس کے نام کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

اسلام آباد ایئرپورٹ گذشتہ دو برسوں میں کئی حوالوں سے خبروں میں رہا ہے، کبھی رن وے کے ڈیزائن میں خرابی کے حوالے سے تو کبھی افتتاح میں بار بار کے تعطل پر اور ہر بار یہ سوال بھی اٹھا کہ آخر اس کو نام کیا دیا جائے؟

گذشتہ سال جولائی کے مہینے میں اُس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کی کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جسے نئے ایئر پورٹ کا نام تجویز کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ کمیٹی کے ذمے ایسے نام کا انتخاب کرنا تھا جو غیرمتنازعہ، غیر سیاسی اور ایسا ہو جسے پورا ملک تسلیم کرلے۔

پورٹس اور شپنگ کے وزیر میر حاصل خان بزنجو کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ اور ادبی ورثہ عرفان صدیقی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور بیرسٹر ظفراللہ کو شامل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح 14 اگست کو

’اسلام آباد نیو ایئرپورٹ پر آلات کی ٹیسٹنگ کا آغاز‘

نیو ایئر پورٹ

غیر ملکی مسافر اکثر شکایت کرتے ہیں کہ موجودہ ہوائی اڈے بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سہولیات کا فقدان ہے اور 2014 میں اس کو دنیا کا بدترین ایئر پورٹ قرار دیا گیا تھا۔

تاہم وزیراعظم کی نااہلی کے بعد خود کمیٹی اپنے وجود کے بارے میں ہی ابہام کا شکار ہوگئی۔ کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کمیٹی کا ایک بھی اجلاس نہیں ہوا اس لیے کوئی نام زیر بحث آیا ہی نہیں۔ موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد بھی نہ تو کمیٹی دوبارہ تشکیل دی گئی نہ ہی پہلی کمیٹی کو ختم کرنے کا کوئی نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔

اس ضمن میں بات کرنے کے لیے کمیٹی کے سربراہ میر حاصل خان بزنجو کئی بار رابطے کے باوجود اس موضوع پر بات کرنے کے لیے دستیاب نہیں ہوئے اور بالآخر بتایا گیا کہ وہ بہت مصروف ہیں اس لیے بات نہیں کرسکتے۔

گذشتہ سال کے آخر میں ٹوئٹر پر سول ایوی ایشن پاکستان کے نام سے غیرسرکاری ٹوئٹر ہینڈل کی جانب سے ایک سروے کیا گیا۔ اس سروے میں ٹوئٹر صارفین سے اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے کے نام کے لیے ان کی رائے لی گئی۔ سروے میں شامل چار ناموں میں فاطمہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ 38 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 28 فیصد اور لیاقت علی خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور گندھارا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سترہ سترہ فیصد ووٹ حاصل کرسکے۔

اس غیر سرکاری سروے میں حصہ لینے والوں نے خود بھی چند تجاویز دیں جن میں سے دو ناموں کو ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا گیا جن میں ایدھی انٹرنیشل ایئرپورٹ اور ڈاکٹر عبدالسلام انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل تھے۔

نیو ایئر پورٹ

اسلام آباد ایئرپورٹ کے نئے نام میں عوام کی دلچسپی اور اس حوالے سے آرا اتنی مختلف رہی ہیں کہ گذشتہ سال انگریزی روزنامے ایکسپریس ٹریبیون نے یکم اپریل کو ازراہ مذاق یہ خبر شائع کی کہ اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے کا نام چین کے صدر شی جن پنگ کے نام پر رکھا جارہا ہے۔

کئی افراد نے اس خبر پر نہ صرف یقین کرلیا تھا بلکہ سابق وزیر داخلہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے اس خبر پر شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اگر اسلام آباد کے ہوائی اڈے کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کی جماعت اس معاملے کو ’ہر ممکن حد تک لے کر جائے گی‘۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے گذشتہ دور حکومت میں اسلام آباد میں موجودہ ہوائی اڈے کا نام تبدیل کر کے سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی رہنما بینظیر بھٹو کے نام پر رکھا تھا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ منصوبہ اس وقت 98 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ رن وے، ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور اور ریڈار سمیت پروازوں کی آمد و رفت سے متعلق تقریباً تمام شعبے تکمیل کے مراحل طے کر چکے ہیں۔

امید کی جارہی ہے کہ رواں سال مارچ میں اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کا افتتاح کر دیا جائے گا، تاہم کس کے نام کا قرعہ نکلے گا، یہ سوال اب بھی باقی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32552 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp