بلوچستان: مسیحی مذہب کی تبلیغ کے الزام میں گرفتار دو کوریائی باشندے رہا


کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے مسیحی مذہب کی تبلیغ اور دیگر الزامات کے تحت گرفتار ہونے والے دو کوریائی باشندوں کو رہائی کے بعد ان کے ملک بھیج دیا گیا ہے۔

جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے دو باشندوں ایڈی کون اور جان وانسوکو گذشتہ سال کوئٹہ کے پوش علاقے جناح ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ان کوریائی باشندوں نے کوئٹہ شہر کے جناح ٹاؤن کے علاقے میں زبان سکھانے والا ایک مرکز کھولا رکھا تھا۔

کوئٹہ سے دو چینی باشندے اغوا کر لیے گئے

شراب کے چینی بیوپار کے خلاف مقدمہ درج

نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق ان کے وکیل نورجان بلیدی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ یہ دونوں باشندے کافی عرصے سے اس مرکز سے وابستہ تھے۔

دونوں کوریائی باشندوں کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی تھی جب گذشتہ سال 24مئی کو جناح ٹاؤن سے ان کے اس مرکز سے وابستہ تین چینی باشندوں کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

اغوا کار ایک خاتون اور مرد سمیت دو چینی باشندوں کو اغوا کرنے میں کامیاب ہوئے تھے جبکہ ایک خاتون بچ نکلی تھیں۔ اغوا ہونے والے دونوں چینیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اغوا کے واقعہ کے بعد جہاں دونوں کوریائی باشندوں کو گرفتار کیا گیا تھا وہیں اس مرکز سے وابستہ دس سے زیادہ دیگر چینی باشندوں کو واپس چین بھیجا گیا تھا۔ نور جان بلیدی کے مطابق کوریائی باشندوں کے خلاف جو مقدمات دائر کیے گئے تھے ان میں سے ایک مسیحی مذہب کی تبلیغ سے متعلق تھا۔

چینی باشندوں کے اغوا کے بعد ایک سینیئر پولیس افیسر نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ تفتیش کے دوران 50 سے زائد لوگوں نے آکر ان کو بتایا کہ غیر ملکی عیسائیت کی تبلیغ کرتے تھے۔

کوئٹہ شہر کے علاقے خروٹ آباد میں بھی بعض لوگوں کا یہ کہنا تھا کہ اغوا کے واقعے سے قبل بعض چینی باشندے اس علاقے میں مسیحی مذہب کی تبلیغ کے لیے آئے تھے۔

تاہم نور جان بلیدی ایڈووکٹ کہتے ہیں کہ استغاثہ کی جانب سے جو الزام لگائے گئے تھے وہ ثابت نہ کرسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسیحی مذہب کی تبلیغ کے علاوہ ان پر وائر لیس کے استعمال اور مشکوک کارروائیوں میں ملوث ہونے کے بعض دیگر الزامات بھی تھے۔

نورجان بلیدی کے مطابق ان کے خلاف کوئٹہ کی دو عدالتوں میں مقدمات چلے اور دونوں عدالتوں نے انہیں تمام الزامات سے بری کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32559 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp