قاتل کی گرفتاری پر تالیاں کیسی؟


رواں ماہ پنجاب کے شہر قصور سے ایک خبر سامنے آئی جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، خبر ہی ایسی تھی۔ ایک سات سالہ بچی زینب کو انتہائی بے دردی سے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر کے کوڑے کے ڈھیر پر پھینک دیا گیا تھا۔

یہ خبر پہلے سوشل میڈیا پر آئی اس کے بعد نیوز چینلز اور پھر ہر گھر ہر زبان پر زینب کا زکر ہونے لگا۔ قصور شہر پرتشدد مظاہرے اور توڑ پھوڑ بھی ہوئی اور ان سب کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ قاتل کو گرفتار کیا جائے۔

زینب امین خود تو نہ رہی اور چند دیگر خاندانوں کے زخم بھی تازہ کر گئی، جب تحقیقات کرنے والے حکام نے یہ کہا کہ زینب کا قاتل قصور میں ہی چند دیگر بچیوں کو بھی ریپ کے بعد قتل کرنے والا دکھائی دیتا ہے۔

زینب امین کے قاتل کی گرفتاری کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے، اور اب عدالت سے اسے سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قاتل گرفتار کر لیا گیا ہے اس بات کا اعلان کرنے کے لیے لاہور میں پریس کانفرنس کی گئی جس میں شرکت کے لیے زینب کے والد کو خصوصی طور پر قصور سے بلوایا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ زینب کے قتل کی تحقیقات 14 دن کی انتھک محنت کے بعد اختتام کو پہنچی ہے اور قاتل پکڑا گیا ہے۔

اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے تحقیقات کرنے والے اہلکاروں سے کہا کہ وہ کھڑے ہو جائیں اور منہ میڈیا کے نمائندوں کی جانب کر لیں، انھوں نے ویسا ہی کیا اور پورے ہال میں تالیاں بجنے لگیں۔

تالیاں بجیں کیونکہ بقول وزیر اعلیٰ زنیب سمیت کئی دیگر بچیوں کی زندگی تباہ کرنے والا ’درندہ‘ پکڑا گیا ہے۔ لیکن تالیاں بجانے والوں نے ایک لمحے کو کیا سوچا ہو گا کہ اسی ہال میں اس زینب کا باپ بھی موجود ہے اسے یہ تالیاں کیسی لگیں گی؟

خیر پھر ان اہلکاروں سے کہا جاتا ہے کہ وہ بتائیں کہ کیسے انھوں نے ایک سیریل کلر اور ’درندے‘ کو پکڑنے میں مدد کی۔

ایک ہزار 150 ڈی این اے ٹیسٹ کرنے والے ڈی جی لیب جو پہلے سے ہی سلائیڈ شو تیار کر کے لائے تھے نے بتایا کہ کیسے انھوں نے ماضی کی طرح یہ کیس بھی حل کر دکھایا۔

لیکن جب باری آئی زینب امین کے والد کی تو صرف انھیں تحقیقاتی ٹیم،وزیراعلیٰ پنجاب، چیف جسٹس اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کرنے کا موقع دیا گیا اور فوراً ان کا مائیک بند کر دیا گیا۔

سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ پر ان کی ہنسی اور تالیوں کے حوالے سے کافی تنقید کی جا رہی ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ زینب کے والد کے سٹیج پر بیٹھے ہوئے ان اعلیٰ عہدیداروں کا ہنسنا اور تالیاں بجانا نہایت غیر موزوں تھا۔

ٹویٹر پر کالم نگار مہر تارز نے لکھا ایک تصوی لگائی ہے جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے علاوہ دیگر افراد کو ہنستے دکھایا گیا ہے جبکہ زینب کے والد بیچ میں سنجیدہ بیٹھے ہیں۔ اور انھوں نے لکھا ہے ’کچھ تو شرم کر لیں‘۔

https://twitter.com/MehrTarar/status/955864616734687232

مشہور صحافی طلعت حسین نے ٹویٹ میں کہا کہ قصور کے ’سیریل کلر نے کم از کم سات مزید بچیوں کو نشانہ بنا کر مار ڈالا۔ شہباز شریف اس کا نشانہ بننے والی کم از کم ایک بچی کا نام تو لیتے اور ان کے خاندان والوں کو پریس کانفرنس میں بلاتے۔ لیک وہ ایسا کیوں کریں گے؟ دیگر بچیاں اس وقت خبر نہیں ہیں۔‘

https://twitter.com/TalatHussain12/status/955830017098944512

ایک اور صارف جیا جی نے ٹویٹ میں کہا شہباز شریف نے زینب کے والد کا مائیکرو فون بند کر دیا اور میڈیا کے سوالات کے جواب خود دیے۔

https://twitter.com/JiyaJeee/status/955831095945285632


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp