جب آئزہ خان اور دانش تیمور کو اولاد کے حوالے سے کرب میں مبتلا کیا گیا


اداکاراﺅں کی زندگی میں پرائیویسی بہت کم ہوتی ہے اور لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ آخر ان لوگوں کی بھی کوئی ذاتی زندگی ہے اور عام انسانوں کی طرح اپنے دل میں مختلف جذبات رکھتے ہیں۔ پاکستانی اداکارہ عائزہ خان کے فیس بک پر اکاﺅنٹ سے ایک ایسا پیغام جاری ہوا کہ ہنگامہ سا برپا ہو گیا لیکن پھر جب حقیقت سامنے آئی تو فالورز شدید غصے میں مبتلا ہو گئے کہ وہ حرکت ہی غیر اخلاقی تھی۔

عائزہ خان سوشل میڈیا پر خوب سرگرم رہتی ہیں اور اپنے شوہر اور بیٹے کے ہمراہ تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں ٹوئٹر پر ان کے نام سے بنے ایک اکاﺅنٹ سے یہ پیغام جاری ہوا کہ ”میں یہ انکشاف کرنا چاہتی ہوں کہ ریان میرا بیٹا نہیں ہے، میں نے اسے گود لیا ہے، چونکہ میں اپنے مداحوں سے پیار کرتی ہوں، اس لئے میں سب کو یہ بتا چاہتی ہوں کیونکہ میں کچھ بھی چھپانا نہیں چاہتی۔“

یہ پیغام منظرعام پر آیا تو عائزہ خان اور دانش تیمور کے مداح حیرت میں مبتلا ہو گئے کیونکہ وہ کسی صورت بھی یہ ماننے کو تیار نہ تھے اور پھر یہ انکشاف ہوا کہ یہ پیغام جعلی اکاﺅنٹ سے جاری کیا گیا ہے جس کی تردید عائزہ خان نے اپنے اصلی کاﺅنٹ پر جاری پیغام سے کی۔

عائزہ خان نے اپنے تردیدی پیغام میں لکھا ”مداح وہ لوگ ہوتے ہیں جو آپ سے پیار کرتے ہیں، آپ کی عزت کرتے ہیں، آپ کا خیال رکھتے ہیں اور یہ اس طرح کے لوگوں کی اردگرد موجودگی سے آپ خود کو خوش قسمت محسوس کرتے ہیں۔ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے بہت سارے مداح ملے، شائد میں اتنے پیار کی حق دار بھی نہ تھی۔ پر کبھی کبھی بہت افسوس ہوتا ہے یہ دیکھ کر کہ پیار کرنے والے آپ کو دکھ بھی پہنچا سکتے ہیں؟

کسی کے بارے میں اتنی بڑی بات کہہ دینا کسی کی اولاد کے لئے صرف اس لئے کہ میں نے حمل کے دوران اپنی تصاویر اپ لوڈ نہ کی تھیں ، ہاں مجھے ایسا کرنا پسند نہیں حتیٰ کے اس بارے میں بات کرنا بھی پسند نہیں کیونکہ ان 9 مہینوں کے دوران ہر لمحے میں بس دعا کرتی ہوں کہ یہ خوشی خیریت سے اس دنیا میں میری گود میں آ جائے پھر اس کی بات کروں جو دنیا میں نہیں آیا اس کے بارے میں بات بھی کرنے سے ڈرتی ہوں۔

ماں بننا اتنا آسان نہیں ہوتا کسی بھی لڑکی کیلئے وہ ہر لمحہ زندگی اور موت سے لڑ رہی ہوتی ہیں۔ کس لمحے کیا ہو جائے کچھ نہیں جانتیں۔ اور ہاں میں اپنا جسم دکھانا پسند نہیں کرتی اس لئے کہ مجھے نہیں اچھا لگتا، میں نہیں چاہتی مجھے کوئی ایسے لباس میں بھی دیکھے کبھی، تو میرے مداح کیسے چاہ سکتے ہیں کہ وہ کام کریں جو مجھے اچھا نہیں لگتا؟ تصاویر ایڈیٹ کریں، مجھے کوئی اعتراض نہیں، لیکن سوچ سمجھ کر کہ کیا اس تصویر میں ایسے جسم پر چہرہ لگائیں گے تو عائزہ کو اچھا لگے گا یا نہیں۔ کیا کسی کو ایسے عائزہ کو دیکھنا چاہئے؟؟؟؟

میں ہر اپنے مداح کے ہر پیغام کو پڑھنے کی کوشش کرتی ہوں ، جواب نہیں بھی دیتی کبھی مگر ایسا نہیں کہ خود کو کچھ سمجھتی ہوں، ہر کوشش کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتی ہوں لیکن میں ان سے یہ توقع نہیں کترتی۔ چاہتی نہیں تھی کہ اس بارے میں بات کرنا وہ بھی انسٹاگرام اور فیس بک جیسی جگہ پر اور میں کسی کو نشانہ نہیں بنا رہی، اس لئے برائے مہربانی کسی کے بارے میں سنوں گی بھی نہیں جو کسی اور کی مثالیں دے کر اسے برا اور مجھے اچھا بولے گا، اس کی پروفائل بلاک کر دیتی ہوں۔ سب کی اپنی اپنی پسند ہے، زندگی اپنی خوشی سے جیتے ہیں۔

کسی نے میرے نام سے ایک یوزرنیم بنا کر یہ سٹیٹس لکھا ہے۔ یہ یقینا میں نہیں ہوں ورنہ اتنا بڑا سٹیٹس کیوں لکھتی۔ الحمد اللہ میرے دو بچے ہیں اور میں نے کسی بچے کو گود نہیں لیا لیکن اللہ تعالیٰ اگر ہمیں اس قابل سمجھے کہ کسی بچے کو گود لے کر اسے بھی اتنا ہی پیار دیں جتنا حورین اور ریان کیلئے دل میں ہے تو ضرور گود لیں گے۔“

یہ حقیقت سامنے آئی تو مداح غصے سے آگ بگولہ ہو گئے کہ واقعی کسی کی ذاتی زندگی اور اولاد کو لے کر اس طرح کی افواہ کیسے پھیلائی جا سکتی ہے؟ یہ انتہائی غیر اخلاقی حرکت ہے اور کسی کو بھی یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی کے بارے میں ایسی جھوٹی افواہیں پھیلائے جس سے اسے دکھ پہنچے۔

بشکریہ؛ ڈیلی پاکستان


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).