جیش محمد کے ضلعی امیر سمیت درجنوں کارکن گرفتار


jaish muhammad پنجاب کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے دوران درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن میں دہشت گردوں کے سہولت کار اور کالعدم جیش محمد کا ضلعی امیر بھی شامل ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے فیصل آباد کے علاقے رضا آباد میں کارروائی کی جس میں 9 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں جن میں کالعدم جیش محمد کا ضلعی امیر ابو جندل بھی شامل ہیں۔ کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے تمام ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
ادھر قانون نافذ کرنے والے ادارے نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دہشت گردی کا بڑی منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کاہنہ سے دہشت گردوں کے 4 سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے جدید بندوقیں اور 30 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان سے برآمد ہونے والا اسلحہ دہشت گردوں کو فراہم کیے جانا تھا جو لاہور میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا تھا۔
دوسری جانب راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران 45 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق سرچ آپریشن خفیہ اداروں کی اطلاعات پرکیا گیا جب کہ جن علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں ان میں پیرودہائی ، فوجی کالونی ، ڈھوک حسو اور اس کے ملحقہ علاقے شامل ہیں اور حراست میں لئے گئے 45 ملزمان کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔


Comments

FB Login Required - comments