پاکستانی چینی زبان اور چینی اردو کیوں سیکھ رہے ہیں؟


ایک چینی کہاوت ہے کہ زیادہ زبانیں جاننا دانش کا دروازہ ہے۔ لیکن بشام بلوچ کے لئے چینی زبان او سٹینلی چن کے لئے اردو سیکھنا نہ صرف باب دانش ہے بلکہ باب زر بھی ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے رہائشی بشام بلوچ چینی زبان کی حروف تہجی سیکھ رہے ہیں جبکہ چینی شہری سٹینلی چن اردو سیکھ چکے ہیں۔

چین اور پاکستان نہ صرف ہمسایہ ممالک ہیں بلکہ اپنی دوطرفہ دوستی کو شہد سے زیادہ میٹھی، ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری کہہ رہے ہیں۔  سی پیک معاہدے کے بعد چین کے نائب صدر وانگ یانگ نے پچھلے سال اس سے فولاد سے بھی مضبوط کہا۔

سی پیک کے بعد ایک دوسرے کی زبان سیکھنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ اسلام آباد میں سی پیک کے میڈیا کوآرڈینیٹر شوکت خٹک کے بقول اس وقت پاکستان کی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی 28 یونیورسٹیوں میں چینی زبان سکھائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں پرائیویٹ لینگویج سنٹرز میں بھی چینی زبان سکھائی جا رہی ہے۔ پنجاب حکومت ڈھائی سو طالب علم زبان سیکھنے چین بھیج چکی ہے۔

شوکت خٹک کا کہنا ہے کہ پچھلے سال اٹھارہ ہزار پاکستانی طالب علم چین کے مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم تھے۔ چینی زبان اور اردو اور بعض کا پشتو اور بلوچی سیکھنا سی پیک کے وژن کا حصہ ہے۔

پاکستان میں چین کے سفیر یانگ ژینگ نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ اس وقت سی پیک کے 21 منصوبوں پر کام جاری ہے جس پر دس ہزار چینی باشندے اور 60 ہزار پاکستانی کام کررہے ہیں۔ اس کے ساتھ بیس مزید منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔ شوکت خٹک کے بقول تخمینہ ہے کہ سی پیک کی تکمیل تک سات لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔

اب ایسا ہوسکے گا یا نہیں اس کا جواب تو وقت کے کاندھوں پر ہے البتہ بشام بلوچ چین کی بڑھتی ہوئی معاشی ترقی کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ چینی زبان سیکھنا منطقے خاص کر پاکستان میں چین کی بڑھتی ہوئی معاشی اثرو رسوخ کے تناظر میں میری بقا کا مسئلہ بن چکا ہے۔

اور چینی باشندے سٹینلی چن نے اردو سیکھنے کی ایک وجہ تو چین پاکستان کی دوستانہ تعلقات بتائی اور دوسری یہ کہ انہیں سی پیک کے تناظر میں ایک معاشی موقع ہاتھ آیا ہے۔

میں نے مشال ریڈیو کے لئے ان سے اردو میں بات کی اور اردو زبان پر ان کی گرفت اور لہجہ سن کر حیرت ہوئی۔

ان کو اردو سیکھنے میں تین سال کا عرصہ لگا اور وہ اس بات پر خوش ہیں کہ انہیں پاکستان میں کام کرتے ہوئے دیگر چینی باشندوں کے مقابلے میں زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑھتا۔

ایک اور چینی کہاوت ہے کہ، نئی زبان سیکھنا نئی زندگی ہے۔

( عبدالحئی کاکڑ مشال ریڈیو کے ساتھ منسلک ہیں اور ان کی یہ تحریر پہلے مشال ریڈیو کی ویب سائٹ پر چھپی تھی)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عبدالحئی کاکڑ

عبدالحئی کاکڑ صحافی ہیں اور مشال ریڈیو کے ساتھ وابستہ ہیں

abdul-hai-kakar has 42 posts and counting.See all posts by abdul-hai-kakar