اے اسٹوری آف مسمات پاپا کی پرنسز عرف ہاٹ ڈال اینڈ مسمی عبدالقدوس


”ہر گاہ خاص و عام کو مطلع و متنبہ کیا جاتا ہے کہ زیر دستخطی یعنی مسمی عبد القدوس نے عرصہ تین برس نصف جس کے ڈیڑھ برس ہوتے ہیں کی محنت شاقہ اور عزم صمیم کی بدولت بالآخر فیس بک یعنی کتابی چہرے پر ایک عدد کتابی بلکہ ماہتابی چہرے اور غزالی آنکھوں والی حسینہ دلنواز مسمات پاپا کی پرنسز عرف ہاٹ ڈال کو اپنی پر خلوص محبت کا یقین دلاتے ہوئے اپنی گرل فرینڈ کا عہدہ و مرتبہ مرحمت فرمانے کا ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ اگر کسی بدخواہ، کسی حاسد یا کسی جل ککڑے کو اعتراض ہو تو وہ عرصہ چودہ دن کے اندر اندر زیر دستخطی کو بذریعہ ان باکس مطلع فرما کر عند الوقوع روسیاہ ہو۔ مذکور چودہ دن گزرجانے کے بعد کوئی بھی ان باکس میسیج قابل توجہ نہ گردانا جائے گا اور ہر نادان عاشق، جوان رعنا یا ماما کا جانی نما شخص براہ راست بلاک کا مستحق ٹھہرے گا۔ یہ اشتہار مفاد عامہ میں دیا جا رہا ہے۔ “ المشتہر مسمی عبدالقدوس بقلم خود وِد پاپا کی پرنسز اینڈ سیونٹی ون ادرز۔ تاریخ: اکتیس جنوری 2018۔

اس اشتہار کو تین سو لائکس ملے۔ مسمات پاپا کی پرنسز نے اپنی فیس بک وال پر یہ عجیب و غریب اشتہار دیکھا تو اس کے دیوتا فوراً شالیمار ایکسپریس پر بیٹھ کر کراچی کی طرف کوچ کر گئے۔ اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ مذاق مذاق میں مسمی عبدالقدوس سنجیدہ ہو جائے گا اور اس سنجیدگی میں دوستی کا ٹینڈر مشتہر کر دے گا۔ یہی نہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اکہتر اوروں کو بھی ٹیگ کر دے گا۔ اب اس کو فکر پڑی ان ”سیونٹی ون ادرز“ اور ان کے علاوہ چار ہزار نو سو ننانوے فرینڈز اور تیرہ ہزار فالوورز کی۔ جن میں سے لگ بھگ چھتیس سو اس کےازخود عاشق تھے اور سینتالیس سو کو اس نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عاشقی کے لارے پر لگا رکھا تھا۔ وہ وقتا فوقتاً آئی ایم ایف کی طرح مالی بحران میں مسمات پاپا کی پرنسز کی معمولی (ایزی لوڈ) اور غیر معمولی (ایزی پیسہ) والی امداد کیا کرتے تھے۔ ابتدائی جھٹکے سے سنبھل کر مسمات پاپا کی پرنسز نے غور کرنا شروع کیا کہ اس ٹینڈر کو کیسے نامنظور کروایا جائے۔ ایسا نا معقول عاشق بھلا کس کو گوارا ہو گا جو معشوقہ کو اوپن ٹینڈر جاری کر کے عہدہ پر فائز کرنا چاہتا ہو۔ جب مسمات پاپا کی پرنسز نے اشتہار پر غور کیا تو یہ انکشاف ہوا کہ مسمی عبد القدوس دراصل اس نا معقول تہوار المعروف ویلنٹائن ڈے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ اکتیس جنوری سے چودہ دن عین چودہ فروری کو جا کر پورے ہوتے تھے یعنی مسمی عبدالقدوس کے ارادے رنگین و سنگین تھے۔

مسمات پاپا کی پرنسز عرصہ سات برس سے بحر فیس بک کی شناور تھی اور اس جہاں میں گھاٹ گھاٹ کا پانی پی چکی تھی یعنی گروپ گروپ کی ممبر رہ چکی تھی۔ اس دشت کی سیاحی میں مسمات پاپا کی پرنسز کو انواع و اقسام کے عاشق حضرات سے واسطہ پڑ چکا تھا جو مسمات کی ایک ایک نظر کرم کے بدلے آسمان کے تارے توڑ کر لانے سے لے کر بازار سے ٹینڈے لانے تک کے دعوے کر چکے تھے مگر ایسا عاشق اسے پہلی مرتبہ ٹکرایا تھا جو دوستی کا ٹینڈر جاری کرتا تھا۔ چناچہ اس سے نبٹنے کے لیے حکمت عملی بھی وکھری ٹائپ کی درکار تھی۔ اچھی بات یہ تھی کہ مسمات پاپا کی پرنسز کی اصل شکل آج تک کسی نے نہ دیکھی تھی۔ اس کی ڈی پی پر موجود تصویر بھی اس کی اپنی نہیں تھی۔ دوسری طرف مسمی عبدالقدوس تین سال پہلے اپنی نئی آئی ڈی اور جعلی تصویر کے ساتھ فیس بک پر وارد ہوا تھا۔ اس سے پہلے وہ سات سال ایک دوسری آئی ڈی کے ساتھ اس جہان رنگ و بو کے مزے لیتا رہا تھا۔ پرانی آئی ڈی سے ایک مرتبہ وہ چھ خواتین کو بیک وقت ڈیٹ کی پیشکش کر دینے پر مات کھا گیا تھا۔ وہ چھ کی چھ خواتین معین وقت پر ڈیٹ پر آ گئی تھیں اور مسمی عبد القدوس کے ہاتھوں کے طوطے بیک وقت پرواز کر گئے تھے۔ اس ڈیٹ کا انجام ایک میراتھن ریس کی صورت میں ہوا تھا جس میں اول پوزیشن کا حقدار ظاہر ہے مسمی عبدالقدوس ہی ٹھہرا تھا۔

بہت سوچ سمجھ کر مسمات پاپا کی پرنسز نے بھی ایک اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ جو کچھ یوں تھا۔

”منکہ مسمات پاپا کی پرنسز عرف ہاٹ ڈال برضا ورغبت اور بقائمی ہوش وحواس اطلاع عام کے لیے یہ اعلان کرتی ہے کہ آج سے ٹھیک چودہ دن بعد یعنی بتاریخ چودہ فروری 2018 بروز بدھ گرل فرینڈ شپ کا ٹینڈر بنام مسمی عبدالقدوس کھولے جانے جا انتظام و انصرام بحسن وخوبی طے پا گیا ہے۔ وہ تمام حضرات جو ماضی میں اس عہدہ و مرتبہ کے امیدوار رہ چکے ہیں سے درخواست کی جاتی ہے کہ اپنا زر بیعانہ مع ہرجانہ مسمی عبد القدوس سے معینہ تاریخ کے اندر اندر سکہ رائج الوقت میں وصول پاویں۔ بعد ازاں کسی شکایت کا ازالہ نہ کیا جاوے گا اور اس نقصان کا خود سابقہ امیدوار ذمہ دار ہو گا“ المشتہر مسمات پاپا کی پرنسز عرف ہاٹ ڈال وِد مسمی عبدالقدوس اینڈ فائیو تھاؤزنڈ ادرز۔ تاریخ یکم فروری 2018۔

اس اشتہار کے اپ لوڈ ہونے کے ایک دن کے اندر اندر اس کو گیارہ ہزار لائکس مل چکے تھے اور ان کی تعداد بڑھتی جا رہی تھی۔ اور اس وقت صورت حال کچھ یوں ہے کہ مسمی عبد القدوس کا ان باکس بھانت بھانت کے ہزاروں پیغامات سے بھر چکا ہے۔ ہزاروں لوگوں نے مسمی عبدالقدوس کی اس آئی ڈی کو رپورٹ کر دیا ہے اور مسمی عبد القدوس سنجیدگی سے نئی آئی ڈی بنانے پر غور کر رہا ہے۔ مسمات پاپا کی پرنسز عرف ہاٹ ڈال کے فالوورز بیس ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں۔
مسمات پاپا کی پرنسز عرف ہاٹ ڈال نے اپنی گھنی مونچھوں کو تاؤ دیتے ہوئے اپنا تازہ ترین سٹیٹس اپ ڈیٹ کیا ہے۔ ”پاپا کی پرنسز از فیلنگ فری“ وِد تھاؤزنڈ ادرز۔

اویس احمد

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

اویس احمد

پڑھنے کا چھتیس سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔ اب لکھنے کا تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔ کسی فن میں کسی قدر طاق بھی نہیں لیکن فنون "لطیفہ" سے شغف ضرور ہے۔

awais-ahmad has 122 posts and counting.See all posts by awais-ahmad