دیوانی


بستی میں ایک دیوانی عورت رہتی تھی۔

وہ بچوں کو کچھ نہ کہتی،

لیکن بڑے اس سے ڈرتے تھے۔

وہ راہ چلتے کسی کو بھی ڈانٹ دیتی،

پتھر اچھال دیتی۔

تھانے دار، نمبر دار، تحصیل دار،

سب اسے دیکھ کر راستہ بدل دیتے تھے۔

وہ پنچایت کو بھی نہیں بخشتی تھی۔

کل ایک فیصلہ حسب دستور چوہدری کے حق میں کیا گیا۔

پھر چوپال میں خاموشی چھا گئی۔

کچھ دیر بعد سرپنچ بڑبڑایا،

’’آج اس دیوانی نے ہم پر پتھر نہیں پھینکا۔‘‘

کسی نے آگاہ کیا،

’’جناب والا!

غلط فیصلوں پر پتھر مارنے والی دیوانی کا انتقال ہو گیا ہے۔‘‘

مبشر علی زیدی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

مبشر علی زیدی

مبشر علی زیدی جدید اردو نثر میں مختصر نویسی کے امام ہیں ۔ کتاب دوستی اور دوست نوازی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ تحریر میں سلاست اور لہجے میں شائستگی۔۔۔ مبشر علی زیدی نے نعرے کے عہد میں صحافت کی آبرو بڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

mubashar-zaidi has 194 posts and counting.See all posts by mubashar-zaidi