دیوارِ چین کے سائے تلے


’’دیوارِ چین کے سائے تلے‘‘ حسنین نازش کا سفر نامہ چین ہے جو حال ہی میں چھپ کر منظر عام پر آیا ہے۔ حسنین نازش ایک ماہر ادب، ماہر معاشیات، استاد، ماہر تعلیم اور ماہر انتظامی امور ہیں۔ وہ دوستوں کے دوست ہیں۔ دیوار چین کے سائے تلے پاک چین دوستی کا واضح مظہر ہے۔ حسنین نازش اس سے پہلے بھی پاکستان کے ایک اور درینہ دوست ملک ترکی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار اپنے سفر نامہ ترکی جس کا نا م ’’کردش ہے‘‘ میں کر چکے ہیں۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حسنین نازش ایک انسان دوست شخص ہیں اور وہ دوستی، محبت، بھائی چارہ اور امن و آشتی کے پرچارک ہیں۔

حسنین نازش کی اب تک چار کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں۔ جن میں دو سفر نامے، ایک ان کی افسانوں کی کتاب جس کا نام ’’پہلی اڑان‘‘ ہے اور چوتھی کتاب ’’ارد وہے جس کا نام‘‘ ہے جو اردو ادب کی تاریخ پر ایک مستند سرمایہ ہے۔ دیوار چین کے سائے تلے کی طرز تحریر ادبی اور افسانوی ہے۔ اسمیں سفر نامہ نگار نے ہمیں چین کی کتابی سیر کروائی ہے۔ حسنین نازش بنیادی طور پر کہانی گو ہیں۔ اردو کے استاد ہونے کے ناطے زبان انہوں نے بہت سادہ اور بہترین استعما ل کی ہے۔ یہ سفر نامہ پاک چین دوستی کو بڑھاتا ہو ا نظر آتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کا سبب بنے گا۔

دیوار چین کے سائے تلے میں چینی کلچر، تاریخ، کھانوں اور ثقافت کا تذکرہ ہے۔ مصنف نے ہر باب کے آخر میں ایک تاثر چھوڑنے کی کوشش کی ہے۔ چینی زبان اور اردو کے بہت سے مشترک الفاظ بھی اس میں بیانکیے گئے ہیں جو قارئین کے لئے حیران کن ہیں مثلاً چینی بابا کو بابا، ماماکو ماما، چائے کو چائے، سوجاؤ کو شو جئی اور لاحولا ولاقوۃ جیسے مشترک ا لفاظ استعمال کر تے ہیں۔ مصنف نے سفرنامہ میں ہمیں چین میں صنعتی اور معاشی انقلاب کے بارے میں بھی ہمیں بتایا ہے۔ مصنف نے یہ بھی بتایا ہے کہ معروف چینی راہ نما’’ موزے تنگ‘‘ کو چین میں ’’چئیرمین ماؤ ‘‘ کہا جاتا ہے۔ دیوار چین کے سائے تلے دراصل سفر نامہ بیجنگ ہے جو بیجنگ اور دیوار چین کے ارد گرد گھومتا ہے۔ یہ ایک جدید چائنہ کا سفر نامہ ہے اور ہمیں ہمارے ہمسایہ ملک چین کے بارے میں آگاہی فراہم کرتا ہے۔

دیوار چین کے سائے تلے کی اشاعت پر سفر نامہ نگار حسنین نازش کو ہم مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا ہے کہ ان کا یہ سفر نامہ شرف قبولیت حاصل کرے۔ ہمیں ان کی اگلی تصنیف کا بھی انتظار ہے جو انہوں نے ’’چترال‘‘ کے سفر نامے کے بارے میں لکھنی ہے۔ ان کی ایک افسانوں کی کتاب بھی زیر ِ تالیف ہے جس کا نام ’’زنجیر ‘‘ہے۔

اللہ کرے زور قلم اور زیادہ۔ اللہ تعالیٰ اسی طرح حسنین نازش کو مثبت تحریریں لکھنے کی توفیق دیتا رہے جس سے معاشرے میں مثبت سوچ اور تبدیلی آتی رہے۔
’’دیوار چین کے سائے تلے‘‘کی اشاعت پر ہم انہیں ایک دفعہ پھر مبار ک باد دیتے ہیں۔ پاک چین دوستی زندہ باد

اسلم بھٹی
Latest posts by اسلم بھٹی (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

اسلم بھٹی

اسلم بھٹی ایک کہنہ مشق صحافی اور مصنف ہیں۔ آپ کا سفر نامہ ’’دیار ِمحبت میں‘‘ چھپ چکا ہے۔ اس کے علاوہ کالم، مضامین، خاکے اور فیچر تواتر سے قومی اخبارات اور میگزین اور جرائد میں چھپتے رہتے ہیں۔ آپ بہت سی تنظیموں کے متحرک رکن اور فلاحی اور سماجی کاموں میں حصہ لیتے رہتے ہیں۔

aslam-bhatti has 38 posts and counting.See all posts by aslam-bhatti