متحدہ کارکنوں کیلئے جماعت اسلامی بہترین انتخاب ہے؛ امیر جماعت اسلامی کراچی


امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ بلدیاتی قیادت نے عوام کو کچھ نہیں دیا ، متحدہ کی آپس کی لڑائی نے شہر کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے ، عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑسکتے ، جماعت اسلامی ہی حقیقی متبادل قیادت ہے ، موجودہ بلدیاتی قیادت کے خلاف جلد عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے ، یوتھ الیکشن کے ذریعے نوجوان قیادت متعارف کرائی جائے گی جس کا اعلان آئندہ 3 روز میں کیا جائے گا، متحدہ کے کارکنوں کے لیے جماعت اسلامی بہترین انتخاب ہے ، جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک اور نادرا کے ظالمانہ نظام کے خلاف تحریک جاری رکھی ہوئی ہے ، 20فروری کو نادرا کے خلاف ایک تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبد الوہاب ، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی ، پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ،ڈپٹی سیکریٹری راشد قریشی اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عنقریب اس بلدیاتی نظام کا متبادل نظام متعارف کرائے گی۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی دیگر پارٹیوں سے بھی رابطہ کرے گی اور موجودہ بلدیاتی قیادت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متبادل پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی شہر میں متبادل قوت کے طور پر موجود ہے ۔جماعت اسلامی کراچی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور اہلیت رکھتی ہے، ہم نے ماضی میں بھی عوام کی خدمت کی ہے اور موقع ملا تو آئندہ بھی کریں گے۔

بشکریہ؛ روزنامہ دنیا


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).