امریکہ: فلوریڈا کے سکول میں فائرنگ سے متعدد زخمی،’مسلح شخص ’گرفتار‘


امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر پارک لینڈ میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مقامی ہائی سکول میں فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بروارڈ شیرف آفس کا کہنا ہے کہ ’فائرنگ کرنے والا اب زیرحراست ہے۔‘

تاہم انھوں نے کہ کہا سٹونمین ڈگلس ہائی سکول میں اب بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

سکول سپرینٹینڈینٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’اس میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص ’ممکنہ طور پر سابق طالب ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ شخص اب زیرحراست ہے۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم 14 افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم انھوں نے ان کی حالت کے بارے میں نہیں بتایا۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس واقعے میں 20 کے قریب افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ کچھ کو بحاظت نکال لیا گیا ہے۔

فاکس نیوز سے منسلک ایک مقامی چینل کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کی سکول کے باہر مرہم پٹی کی گئی ہے۔

اس سے قبل مقامی سکول پبلک سکول ڈسٹرکٹ نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’آج، مرجرری سٹونمین ڈگلس ہائی سکول کے قریب طالب علموں اور عملے نے کچھ ایسی آوازیں سنی جو گولیاں چلنے جیسی تھی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’سکول کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور اب طالب علموں کو نکالا جارہا ہے۔ ہمیں ممکنا طور پر زخمی ہونے والوں کے بارے میں بھی اطلاعات ملی ہیں۔‘

سکول کا کہنا تھا کہ پولیس سکول کی ایک عمارت سے طالب علموں کو نکال رہی ہے۔

جائے وقوعہ کی ایک ویڈیو میں طالب علموں کو چھوٹی چھوٹی ٹولیوں کی صورت میں باہر نکلتے اور مسلح پولیس کو سکول کی حدود میں گشت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp