’نئے انتخابات چاہییں، نئی موسیقی نہیں‘


تھائی لینڈ

کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ ‘ڈائمنڈ ہارٹ’ کے عنوان سے یہ گیت شاید عوام کے لیے ویلنٹائز ڈے کا تحفہ ہے

تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے ایک نیا پاپ گیت ریلیز کیا ہے لیکن عوام نے اسے زیادہ پسند نہیں کیا۔

تھائی وزیراعظم پریوتھ چن اوچا کا یہ گیت یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا ہے لیکن تقریباً 25000 صارفین نے اسے ناپسند کیا جبکہ صرف ایک ہزار صارفین نے پسندیدگی کا اظہار کیا۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ ’ڈائمنڈ ہارٹ‘ کے عنوان سے یہ گیت شاید عوام کے لیے ویلنٹائز ڈے کا تحفہ ہے۔ تاہم فوجی حمایت یافتہ حکومت کے ترجمان نے اس تعلق کو زیادہ اہمیت نہیں دی ہے۔

خیال رہے کہ پریوتھ چن اوچا نے سنہ 2014 میں فوج کی مدد سے حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور ان کی جانب سے تاحال انتخابات میں تاخیر کی جا رہی ہے۔

ان کے ناقدین کا کہنا ہے کہ انھیں نئے انتخابات چاہییں، نئی موسیقی نہیں۔

’ڈائمنڈ ہارٹ‘ کے بول پریوتھ چن اوچا نے لکھے ہیں کہ جبکہ اسے ایک تھائی فوج کے افسر نے گایا ہے۔

اس گیت کے بول ایک خاتون کے ساتھ پیس آنے والی پریشانیوں اور راہ کی رکاوٹیں دور کرنے کے عہد و پیمان کی بات کی گئی۔ خیال ہے کہ خاتون کا کردار تھائی قوم کی علامت کی طور پر لیا گیا ہے۔

تھائی لینڈ

‘ڈائمنڈ ہارٹ’ کے وزیراعظم بول پریوتھ چن اوچا نے لکھے ہیں کہ جبکہ اسے ایک تھائی فوج کے افسر نے گایا ہے

سوشل میڈیا پر بہت سارے لوگوں نے اس گیت کے بارے میں سیاسی تبصرے کیے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے تھائی لینڈ کی معزول رہنما ینگلک شناوترا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اصل ہیرے کے دل والے لوگ روز بہ روز جھوٹ نہیں بولتے۔۔۔ اور ایک خاتون کا اقتدار نہیں چھینتے۔‘

وزیراعظم پریوتھ نے کئی بار تاخیرکیے جانے کے بعد نومبر میں انتخابات منعقد کروانے کا وعدہ کیا تھا تاہم جنوری میں نئے انتخابی قانون کی منظوری کے بعد یہ سنہ 2019 تک موخر ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ تھائی لینڈ میں فوج کی جانب سے سیاست میں دخل اندازی کی تاریخ رہی ہے اور سنہ 1932 سے اب تک 12 بار وہ اقتدار پر قابض آچکی ہے۔

تھائی وزیراعظم پویوتھ نے اس سے قبل بھی ایک گانا ریلیز تھا جس کا عنوان ’ریٹرننگ ہیپینس ٹو دی پیپل‘ یعنی عوام کو خوشی لوٹانا تھا، جس کا مقصد حالیہ فوجی بغاوت کے بعد عوام اور فوج کے درمیان تعلقات کی بہتری کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32498 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp