سعودی عرب میں مزید پاکستان فوجی تعینات کرنے کا فیصلہ


پاکستانی فوج

پاکستان فوج کے دستے پہلے بھی سعودی عرب میں تعینات ہیں

پاکستانی فوج کے ایک اعلان کے مطابق سعودی عرب میں پاکستان فوج کے دستوں کو مشاورتی اور تربیتی مشن پر تعتینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعودی عرب میں پاکستانی فوجیوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف سیعد المالکی اور پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ایک ملاقات میں کیا گیا۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سعودی سفیر اور پاکستانی فوج کے سربراہ کے درمیان یہ اہم ملاقات راولپنڈی میں پاکستان فوج کے ہیڈ کواٹر میں جمعرات کو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے درمیان جنرل باوجوہ اور سعودی عرب نے خطے کی دفاعی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فوج کے تازہ دم دستے سعودی عرب میں پہلے سے موجود پاکستانی فوجیوں کے ساتھ شامل ہو جائیں گے اور پاکستان فوج کے ان دستوں کو سعودی عرب سے باہر کسی ملک میں تعینات نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند سال قبل سعودی عرب نے یمن پر حملے سے پہلے پاکستان سے اپنی فوج بھیجنے کی درخواست کی تھی جس کو پارلیمنٹ کی ایک قراد داد پیش ہونے کے بعد مسترد کر دیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب میں ایک ہزار ایک سو اسی پاکستانی فوجی پہلے سے تعینات ہیں جو سنہ 1982 میں ہوئے ایک باہمی معاہدے کے تحت سعودی عرب بھیجے گئے تھے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات ہیں اور پاکستان کا نام 41 ممالک پر مشتمل اس اتحاد میں شامل ہے جو سعودی عرب نے اسلامی شدت پسندی کو ختم کرنے کے نام پر قائم کیا ہے۔

اس اسلامی اتحاد کی مشترکہ فوج کی سربراہی بھی پاکستان فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو سونپ دی گئی ہے۔

یہ اتحاد سعودی عرب کے جواں سال ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ سال تشکیل دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32504 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp