(ن) لیگ نے مجھے فوج کے خلاف بات کرنے پر اکسایا: عائشہ گلالئی


پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ نے مجھے فوج کے خلاف بات کرنے پر اکسایا اور کہا کہ آپ کو سینیٹ کا ٹکٹ دیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے مجھے فوج کے خلاف بات کرنے پر اکسایا، مجھے کہا گیا کہ آپ کو سینیٹ کا ٹکٹ دیں گے تاہم میں نے (ن) لیگ کی آفر مسترد کر دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات میرے جذبہ حب الوطنی کے خلاف ہے، فوج ہی ایک ادارہ ہے جو ملک کے لیے کام کر رہا ہے، کہیں گانے اور شادیوں جب کہ کہیں فوج اور اداروں کو بد نام کرنے کا درس دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز عائشہ گلالئی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ لودھراں کے عوام کے سامنے صرف اور صرف تحریک انصاف کی حقیقت عیاں کرنے اور پی ٹی آئی کے خلاف ان کا شعور اجاگر کرنے لیے انتخابی مہم چلائی، لودھراں كے ضمنی الیكشن كے موقع پر نواز شریف مہم چلانے وہاں نہیں گئے بلکہ صرف میری وجہ سے لودھراں كی سیٹ مسلم لیگ (ن) نے حاصل كی۔

واضح رہے کہ عائشہ گلالئی نے چیرمین تحریک انصاف پر سنگین قسم کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان بدکردار شخص ہیں جب کہ پی ٹی آئی میں ماؤں بہنوں کی عزتیں محفوظ نہیں جس کے بعد پی ٹی آئی نے عائشہ گلا لئی کی پارٹی رکنیت معطل کردی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).