واٹس ایپ کے ڈیلیٹ کیے گئے میسج ڈیلیٹ نہیں ہوتے؛ صارفین محتاط


پیغام رسانی کی سب سے مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ میں ڈیلیٹ کیا گیا میسج درحقیقت ختم نہیں ہوتا اور وہ ریپلائی کرنے والے شخص کے پاس موجود ہوتا ہے۔

یہ انکشاف ایک معروف ویب سائٹ نے کچھ صارفین کی شکایت کے بعد کیا ہے جس میں  بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال ڈیلیٹ کا فیچر متعارف کرانے کے باوجود یہ کارآمد ثابت نہیں ہورہا۔ ایک اسکرین شارٹ کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ ایک صارف نے مقررہ وقت کے اندر پیغام ڈیلیٹ کردیا تاہم جب  دوسرے فرد نے اس کا ریپلائی دیا تو وہ  ڈیلیٹ شدہ ٹیکسٹ اس کے پاس موجود تھا۔

ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اینڈروئیڈ اور ونڈوز اسمارٹ فونز میں استعمال ہونے والے واٹس ایپ کے گروپ اور پرائیویٹ چیٹ باکس میں ڈیلیٹ ہونے والا میسج حقیقت میں ختم نہیں ہوتا بلکہ ریپلائی کی صورت میں وہ ٹیکسٹ موجود رہتا ہے۔

دوسری جانب واٹس ایپ نے فیچر کے اس نقص پر کوئی ردعمل نہیں دیا اور یہ انکشاف سامنے آنے کے بعد صارفین محتاط انداز میں چیٹنگ کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ نے ڈیلیٹ فیچر متعارف کرایا تھا جس میں 7 منٹ کے اندر اندر پیغام بھیجنے والا اپنا میسج ڈیلیٹ کرسکتا تھا اور ڈیلیٹ ہونے کی صورت میں بھیجنے والے اور موصول کرنے والے کے پاس سے وہ پیغام ختم ہوجاتا تھا۔

یہ فیچر گروپ اور پرائیویٹ دونوں چیٹ کے لیے کارگر تھا  تاہم اسے صرف بھیجنے اور موصول کرنے والے صارفین واٹس ایپ کا نیا ورژن انسٹال کرنے یا پرانا ورژن اپ ڈیٹ کرنے والے ہی استعمال کرسکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).