فیس بک پہ دوستی کر کے لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو بنانے والا ملزم لاہور سے گرفتار


وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے لڑکیوں سے فیس بک پر دوستی کرکے ان کی نازیبا ویڈیو بناکر بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر لڑکیوں سے دوستی کرکے ان کی نازیبا ویڈیو بناکر بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت کلیم کے نام سے ہوئی ہے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کلیم لڑکیوں سے فیس بک پر دوستی کرتا پھر دوستی کی آڑ میں ان کی نازیبا وڈیوز اور تصاویر بنا کر بلیک میل کرتا تھا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم نے کلیم کے قبضے سے 3 موبائل فون اور لیپ ٹاپ بھی برآمد کرلیے ہیں، کلیم سے برآمد ہونےوالے موبائل اور لیپ ٹاپ سے درجنوں نازیبا تصاویر اور ویڈیوز ملی ہیں۔ ملزم کے خلاف ایف آئی اے نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور کے علاقے مزنگ میٹرو بس اسٹینڈ سے لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو بناکر انہیں بلیک میل کرنےوالے ملزم خورشید کو گرفتار کیاگیا تھا۔ جب کہ چند روز قبل ایف آئی اے حکام نےانکشاف کیا تھا کہ ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے پنجاب میں بچوں اورلڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے والے گروہ سب سے زیادہ ہیں۔

بشکریہ؛ ایکسپریس نیوز


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).