عام گھریلو کام جو دن میں بیس سگریٹ جتنا نقصان دہ ہے


ناروے کی یونیورسٹیوں میں کی جانے والی ایک تحقیق امیرکن جرنل آف ریسپیریٹر اینڈ کریٹیکل کیئر میڈیسن میں شائع ہوئی ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ چند عام گھریلو کام پھیپھڑوں کے لئے اتنے ہی نقصان دہ ہیں جتنا دن میں بیس سگریٹ پینا۔

رپورٹ میں صفائی ستھرائی کے لئے استعمال کیے جانے والے کیمیکل پر ریسرچ کی گئی ہے۔ ”صفائی کے لئے استعمال کیے جانے والے کیمیکل کے دمے پر فوری اثرات کو زیادہ سے زیادہ ڈاکیومنٹ کیا جا رہا ہے لیکن ہمیں ان کے طویل مدتی اثرات کا علم نہیں ہے۔ ہمیں خطرہ ہے کہ ایسے کیمیکل، روز بروز، سال بہ سال سانس کی نالیوں کو تھوڑا تھوڑا نقصان پہنچا کر عمر بڑھنے کے ساتھ پھیپھڑوں کے فعل کو ناقص کر دیتے ہیں“۔

اس ریسرچ میں محققین نے 22 طبی اداروں میں سو چھے ہزار مرد و خواتین کا بیس برس تک جائزہ لیا۔ اس دوران ان افراد سے یہ پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنا گھر خود صاف کرتے ہیں یا پھر وہ کہیں صفائی کی جاب کرتے ہیں۔ اگر ایسا تھا تو ان سے پوچھا جاتا تھا کہ وہ صفائی کے کیمیکل کی کتنی مقدار استعمال کرتے ہیں۔

تجزیے سے یہ معلوم ہوا کہ وہ خواتین جو ہفتے میں صرف ایک دن کیمیکل سے صائی کرتی ہیں ان میں پھیپھڑوں کے فعل کے کم ہونے کی رفتار زیادہ تھی۔ تحقیق میں یہ کہا گیا کہ بیس سال تک صفائی کے کیمیکل استعمال کرنے کا خواتین کے پھیپھڑوں کے لئے نقصان اتنا ہی ہے جتنا دس سے بیس سال تک روزانہ بیس سگریٹ پینے کا۔

ریسرچرز نے یہ تسلیم کیا کہ ان کی تحقیق میں ایسے بہت کم لوگ شامل تھے جو صفائی نہیں کرتے لیکن ان کا کہنا ہے کہ ان کے نتائج بہت زیادہ قابل یقین ہیں۔

”یہ پیغام سمجھنے والا ہے کہ صفائی کے لئے استعمال کیے جانے والے کیمیکل آپ کے پھیپھڑوں کو واضح نقصان پہنچاتے ہیں۔ عام طور پر یہ کیمیکل غیر ضروری ہوتے ہیں۔ صفائی کا عام کپڑا اور پانی بیشتر صورتوں میں صفائی کے لئے بہت ہوتے ہیں“۔ تحقیق میں کہا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).