پاکستان کے خواجہ سرا حج رضاکار بنیں گے


ملکی تاریخ میں پہلے بار خواجہ سرا حج کے دوران رضاکاروں کی حیثیت سے خدمات انجام دینے سعودی عرب بھیجے جائیں گے۔

حج کے لئے رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی تنظیم کے سربراہ عاطف امین کے مطابق رواں سال حج کے لئے نوجوان خواجہ سراؤں کو خدام الحجاج کی حیثیت سے سعودی عرب بھیجنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

خواجہ سراؤں کو سندھ میں قائم 150 بوائز اسکاؤٹ پر مشتمل ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔اس اقدام کو تکمیل تک پہنچانے کے لئے تنظیم کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔

عاطف امین کا کہنا ہے کہ باقی تین صوبوں سے بھی دو یا تین خواجہ سرا کو منتخب کر کے ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔ حال ہی میں سندھ سے40 نوجوان خواجہ سراؤںنے ملک کی سب سے بڑی رضاکارانہ خدمات انجام دینے والی تنظیم ’پاکستان بوائزسکاؤٹس ایسوسی ایشن ‘میں شمولیت اختیار کی ہے۔

تنظیم میں شمولیت کا طریقۂ کار بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدام الحجاج کے طور پر کام کرنے کے لئے ایک ٹیسٹ اور جسمانی تربیت درکار ہوگی جس کے بعد کامیاب امیدواروں کی فہرست حتمی منظوری کے لئے وفاقی وزارت مذہبی امور کو بھیجی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد خواجہ سراؤں کی سماجی قبولیت، اعتماد دینا، محفوظ محسوس کرنا اور مستقبل میں آگے بڑھنے کا موقع دینا ہے۔

بشکریہ؛ جنگ نیوز


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).