پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کر دی


پاکستان تحریک انصاف نے جماعت کے سربراہ عمران خان کی بشریٰ مانیکا کے ساتھ شادی کی باقاعدہ طور پر تصدیق کر دی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر عمران خان کی تیسری شادی کی تصاویر جاری کی گئی ہیں اور انھیں شادی کی مبارک باد دی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے بشریٰ مانیکا نے ٹوئٹر پر لکھا: ’اللہ کے فضل و کرم سے ہم ایک نئی زندگی شروع کر رہے ہیں۔آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

عمران خان ’شادی کا پیغام‘ بھجوا کر جواب کے منتظر

پیرانِ سیاست کے پیر

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ مانیکا کا نکاح بھی مفتی سعید نے پڑھایا۔

اس سے قبل عمران خان اور ریحام خان کا نکاح بھی مفتی سعید نے ہی پڑھایا تھا۔

عمران خان اور بشریٰ مانیکا کی شادی کی خبر آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ہلچل مچ گئی اور ’مبارک عمران خان‘ پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا۔

پاکستان تحریک انصاف کے بھی تقریباً تمام رہنماؤں کی جانب سے فوراً ہی مبارک باد کے پیغامات ٹوئٹر پر آنے لگے ہیں۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ جب عمران خان کی شادی کی خبریں سامنے آئی تھیں تو اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ترجمان نے ایک وضاحتی بیان میں بتایا تھا کہ پارٹی کے چیئرمین نے بشریٰ مانیکا نامی خاتون کو شادی کا پیغام دیا ہے اور وہ ان کے جواب کے منتظر ہیں۔

پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکریٹیریٹ کی جانب جاری تحریری بیان میں عمران خان کی شادی کو ان کا نجی اور ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا ’اگر مس مانیکا ان کی شادی کی پیشکش کو قبول کرتی ہیں تو مسٹر خان باقاعدہ طور پر عوام کو اس سے آگاہ کریں گے تب تک ہم میڈیا سے التماس کرتے ہیں کہ وہ دونوں خاندانوں خاص طور پر بچوں کو وقت دیں۔

عمران خان کی دوسری شادی اینکر پرسن ریحام خان سے سنہ 2014 میں ہوئی تھی۔ اگرچہ یہ شادی کچھ ہی عرصہ چل سکی تاہم اس وقت بھی ابتدا میں ان کی شادی کے بارے میں خبروں کی تصدیق کرنے سے گریز کیا گیا تھا۔

عمران خان کے دوسرے نکاح کی خبریں اس وقت سامنے آئی تھیں جب پشاور پبلک سکول پر حملے کے بعد ملک میں سوگ منایا جا رہا تھا اور قوم صدمے سے گزر رہی تھی۔ عمران کی دوسری شادی کی تاریخ پر ایک عرصے تک بحث جاری رہی اور اس بارے میں متضاد دعوئے کیے جاتے رہے۔ ریحام خان اور عمران خان کے درمیان علیحدگی کے وقت بھی اس طرح کی صورت دیکھنے میں آئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp