صحافی عمر چیمہ نے عمران خان کی شادی سے متعلق خبر کیسے بریک کی؟


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اپنی پیرنی بشریٰ سے تیسری شادی کی تصدیق کے حوالے سے دی نیوز کے رپورٹر عمر چیمہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خبر پر قائم ہیں کہ نکاح یکم جنوری 2018ء کو ہی ہوا تھا ۔جن لوگوں کا ذکر میں نے اپنی خبر میں کیا تھا وہ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر میں بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نکاح کا ڈراپ سین کرنا ضروری ہو چکا تھا۔ مقتدر حلقے بھی مصر تھے کہ جو کیا، اسے قبول کریں۔ آپ کیلئے سیاسی مسئلہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔ خبریں آرہی تھیں کہ طلاق کے بعد عدت ختم ہونے سے پہلے یکم جنوری آرہی تھی اس لیے ٹیکنیکی مسائل کے باعث چیزوں کو چھپایا جارہا تھا۔

ممتاز تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ حیرانی نہیں ہوئی، دوبارہ وہی ڈرامہ کیا گیا، بچے تیسرے نکاح کو قبول نہیں کر رہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ کسی کی قسمت میں وزارت عظمیٰ کی تین شیروانی اور کسی کی قسمت میں صرف شادی کی شیروانی ہے۔ جیو نیوز کے نمائندہ رئیس انصاری نے کہا کہ عمران خان نے بہنوں کو میسج کیا کہ شادی کرنے جارہا ہوں، دعا کریں، مگر انہیں جواب نہیں ملا۔

تفصیلات کے مطابق عمر چیمہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے خبر دے چکا ہوں اور میں آ ج بھی اس دعوے پر قائم ہوں کہ یہ نکاح یکم جنوری 2018 کو ہوا ہے اور باوجود اس کے کہ یہ تردید جاری کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری خبر غلط تھی تو کم از کم اپنا نکاح خواں ہی بدل لیتے یہ تو وہی مفتی سعید صاحب جن کا میں نے ذکرکیا تھا۔ تصویر میں بھی وہی عون چوہدری ہیں جن کا ہم پہلے ذکر کر چکے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ موجود تھے۔

میں پورے وثوق کے ساتھ کہتا ہوں کہ یکم جنوری کو ہی نکاح ہوا ہے۔عمر چیمہ نے کہا کہ آ پ کو یاد ہوگا ریحام خان کے کیس میں بھی انہوں نے اسی طرح کیا تھا اور اس پر تو آن ریکارڈ ہے، ریحام خان سے 29اکتوبر کو نکاح ہوا تھا۔ 31 دسمبر کو خان صاحب نے ایک ٹوئٹ کیا تھا کہ میری شادی کے بارے میں خبریں بڑھا چڑھا کے پیش کی جا رہی ہیں اور 8جنوری کو انہوں نے عوام کو دکھانے کیلئے نکاح کیا تھا لیکن اصل میں نکاح 31 اکتوبر کو ہو چکا تھا اور یہ بھی اسی طرح کی فلم ہے جو دہرائی جارہا ہے جس طرح انہوں نے 2015 میں کیا تھا۔ نکاح خواں یہی تھے۔ میں یہ کہتا ہوں اگر یہ اتنے سچے ہیں، صادق اور امین ہیں اور ان کے پاس تو ابھی نیا نیا سرٹیفکیٹ بھی ہے تو یہ کم از کم ہمیں جھوٹا ثابت کرنے کے لیے اپنا نکاح خواں ہی بدل لیتے۔

عمر چیمہ نے کہا کہ انہوں نے جب ریحام کے ساتھ خفیہ نکاح کیا تھا اس میں بھی عون چوہدری گواہ تھے۔انہوں نے کہا کہ کم از کم انہیں اپنا اسکرپٹ تھوڑا بہت تبدیل کر لینا چاہیے تھا تاکہ آپ کے جو ماننے والے ہیں یا جو آ پ کے ووٹرز ہیں وہ آ پ کی اس بات پر یقین کر لیتے کہ یہ ابھی کوئی تازہ ترین واقعہ ہوا ہے۔ اس سے پہلے کوئی اس طرح کا کچھ بھی نہیں ہوا۔ صرف proposal بھیجی ہوئی تھی دیکھیں اس میں کچھ پیچیدگیاں بھی ہیں جس طرح ریحام خان کے ساتھ جب نکاح ہوا تو انہوں نے 7محرم کو نکاح کیا اچھا اس دفعہ بھی کافی خبریں آ رہی تھیں کہ جو طلاق کے بعد ایک عدت کا ٹائم ہوتا ہے اس سے پہلے جو یکم جنوری اس سے پہلے آ تی ہے تو انہیں کوئی جو ایک ٹیکنیکل لیول پر کوئی ان کے لئے مسائل پیدا ہو سکتے تھے اس کے لئے یہ چیزوں کو چھپا بھی رہے تھے۔ دوسری یہ چیز تھی کہ اس چیز کو زیادہ دیر تک یہ ملتوی نہیں کر سکتے تھے اب اس نکاح کا کوئی نہ کوئی انہیں ڈراپ سین کرنا تھا ان کو بہت سارے جو مقتدر حلقے ہیں وہ بھی اس سلسلے میں مصر تھے کہ آپ جو ہے چیز کو اسے قبول کریں۔ آپ کے لئے کوئی سیاسی مسئلہ بھی پیدا ہو سکتا ہے لیکن سب کو اندازہ ہے کہ خان صاحب جو چیز وہ پلان کر لیتے ہیں وہ اس پر قائم رہتے ہیں اور انہوں نے وہ کر دکھایا اور پھر اس سے بھاگنا ممکن بھی نہیں تھا۔ عمر چیمہ نے کہا کہ میں پورے و ثوق کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ یہی مفتی صاحب، یہی عمران خان صاحب، یہی بشرہ بی بی اور یہی عون چوہدری، یہ سارے اس وقت اکھٹے تھے اور نکاح ہوا تھا۔

عمران خان کی تیسری شادی کے بارے میں عمر چیمہ کی اسٹوری سب سے پہلے منظر عام پر آئی تھی۔ جس کی بنا پر لگ تو ایسا ہی رہا ہے کہ یہ شادی پہلے ہی سرانجام پاچکی تھی۔ شادی کی خبر نکلنے کے بعد بشریٰ بی بی لاہور شفٹ ہوگئیں تھیں عمران خان صاحب نے لاہور میں جو نیا مکان بنایا ہے اس میں بشریٰ بی بی آج سے بیس روز قبل شفٹ ہوچکی تھیں، اور یہ جو تصویر میں نظر آرہا ہے کہ نکاح کی تقریب میں ان کی والدہ صاحبہ بھی ساتھ بیٹھی ہیں اور بشری بی بی کی بہن مریم ریاض بھی اس تصویر میں کھڑی نظر آرہی ہیں بشریٰ بی بی کا بھائی احمد مجتبی وٹو وہ ساتھ بیٹھا نظر آرہا ہے ان کے بچے ہیں اور بشریٰ بی بی کی ایک مرید خاتون فرحت بھی نظر آرہی ہیں عون چوہدری بھی تصویر میں صاف نظر آرہے ہیں زلفی بخاری ہیں، اس تقریب نکاح عمران خان نے اپنی بہنوں کو شریک ہونے کی دعوت نہیں دی اور نا ہی وہ شریک ہوئیں۔ جیو نیوز کے نمائندہ رئیس انصاری نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ کوئی بیس پچیس دن قبل اُن کی عمران خان کی بہنوں سے گفتگو ہوئی جس میں عمران خان کی بہنوں نے بتایا کہ عمران خان نے ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے بتایا کہ وہ شادی کرنے جارہے ہیں اور اُن کے لئے دعا کی جائے اور عمران کی بہنوں نے ان میسجز کا کوئی جواب نہیں دیا کیونکہ انہیں اس شادی پر اعتراض ہے اور پہلے بھی جو ریحام خان سے شادی ہوئی اُس پر بھی انہیں اعتراض تھا اور جب سے ہی عمران خان سے اُن کی بہنوں کی ناراضگی چل رہی ہے اور بہن بھائیوں کا ملنا جلنا بھی کم ہے۔ رئیس انصاری کا مزید کہنا تھا کہ ان سب باتوں سے لگتا ہے کہ یہ بیس سے پچیس دن پہلے کی بات ہے اور لگتا ہے کہ یہ نکاح پہلے ہی ہوا ممکن ہے کہ نکاح نامہ میں آج کی تاریخ ڈال دی جائے مگر دراصل نکاح پرانا ہے اور یہ جو لاہور میں گلبرگ والے مکان کی بات ہے وہ مریم ریاض کا گھر نہیں ہے بلکہ سابق شوہر خاور فرید مانیکا اور ان کے بھائی احمد رضا مانیکا اس مکان میں رہتے ہیں بشریٰ بی بی نے نیا گھر بنایا ہے اس میں بشریٰ بی بی کے مریدوں اور قریبی تعلق داروں کا آنا جانا ہے۔

چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی تیسری شادی کے حوالے سے جیو نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ جب دوسری شادی بھی ان کی ہوئی تھی تو ایک دفعہ شادی پہلے ہوگئی پھر دوبارہ اسی گواہان اور یہ مفتی سعید صاحب ہیں ان کے ذریعے دوبارہ کی گئی اب یہ کچھ اسی قسم کا معاملہ ہے اور یہ اسٹوری بریک کی ہے عمر چیمہ نے۔ شادی تو میرا خیال ہے اس وقت ہوگئی تھی پھر اس کا اثر کچھ نگیٹو بھی ہوا پارٹی کے اندر بھی اور باہر بھی اور یہ دوبارہ اسی انداز سے ہوگئی ہے مجھے تو کوئی حیرانی نہیں ہے اور دوبارہ وہ ڈرامہ جو ہے پچھلی کی دفعہ کی طرح ان ایکٹ کیا گیا اس کی ضرورت کیا تھی ڈرامہ کرنے کی۔ پہلے انہوں نے کہا تھا کہ ان کی شکل بھی نہیں دیکھی، بشریٰ بی بی کی پردے میں رہتی ہیں وہ تو شائد درست ہو گی۔ عارف نظامی نے کہا کہ اس وقت جو ملکی مسائل ہیں ان کی طرف توجہ دیں یہ تو پرائیویٹ معاملہ ہے اس وقت الیکشن کی آمد آمد ہے اس شادی کو ان کے بچے بھی قبول نہیں کر پا رہے تھے اسی لیے تاخیر ہوئی۔ یہ میرا اندازہ ہے۔

ن لیگ کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے عمران خان صاحب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اچھا کام بھی ہمیشہ برے طریقے سے شروع کرتے ہیں۔ ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں۔ شادی کے معاملے میں بھی بولیں گے پھر کسی دوسرے معاملے میں بھی بولیں گے یہ اگر پہلے” جنگ “کی خبر آتے ہی اسی دن سچ بول دیتے اگر اچھا کام کیا تھا۔ سنت نبوی پوری کی تھی تو اس میں چھپانے والی یا جھوٹ بولنے والی کیا بات تھی لیکن بات صر ف ایک سمجھنے والی ہے کہ کس عمر میں کون سا کام کرنا چاہیے۔ یہ خان صاحب کو سوچنا چاہئے تھا۔ چلیں تیسری مرتبہ انہوں نے شیروانی پہن لی کسی کی قسمت میں تین مرتبہ وزارت عظمیٰ کی شیروانی تھی۔ کسی کی قسمت میں صرف شادی کی شیروانی لکھی تھی۔ باقی اللہ خیر کرے اب تو میاں نواز شریف چوتھی مرتبہ وزارت عظمیٰ کی شیروانی پہننے والے ہیں تو خان صاحب کو بھی مجھے لگتا ہے کہ چوتھی شادی کی تیاری کرلیں کیونکہ ان کی قسمت میں وزارت عظمیٰ کی شیروانی تو نہیں ہے باقی اللہ کرے کہ یہ شادی کم از کم ضرور کامیاب ہوجائے۔ کسی کا گھر توڑنے کے بعد اپنا گھر ضرور بسا لے آدمی۔ مسلم لیگ (ن) رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے بھی عمران خان کو شادی پر مبارکباد دی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).