تحریک انصاف والے عمران خان کو چین سے جینے کیوں نہیں دیتے؟


جنوری 2018 کے اوائل میں صحافی عمر چیمہ نے خبر بریک کی کہ محترم عمران خان نے محترمہ بشری مانیکا سے شادی کر لی ہے۔ تین دن تک ایک طوفان بدتمیزی مچا رہا حالانکہ سب جانتے ہیں کہ شادی، طلاق اور بچے پیدا کرنا وغیرہ کسی لیڈر کا ایک نہایت نجی معاملہ ہوتا ہے اور اسے عوام کے علم میں نہیں لانا چاہیے۔ کسی لیڈر کے ان ذاتی امور کے بارے میں کسی صحافی کو خبریں نہیں لگانی چاہئیں۔

یہ میڈیائی طوفان چلتا رہا۔ آخر نو جنوری کے دن عمران خان نے نہایت دکھی دل کے ساتھ اکٹھی چھے ٹویٹ کر دیں۔ ایک میں کہا کہ ”تین دن سے میں حیران ہو رہا ہوں کہ کیا میں نے کوئی بینک لوٹا ہے، قومی دولت لوٹ کر منی لانڈرنگ کی ہے، ماڈل ٹاؤن جیسے قتل عام کا حکم دیا ہے، ریاستی راز انڈیا کو دیے ہیں؟ میں نے ایسا کچھ نہیں کیا لیکن میں نے یہ جانا ہے کہ میں نے ان سب سے بڑا جرم کیا ہے: شادی کرنے کی خواہش کی ہے“۔

اسی سلسلے کی ایک دوسری ٹویٹ میں انہوں نے نہایت دلگیر ہو کر لکھا ”میں اپنے خیر خواہوں اور حامیوں سے صرف یہ چاہتا ہوں کہ وہ دعا کریں کہ میں ذاتی خوشی پا لوں، جس سے چند برسوں کے سوا، میں محروم رہا ہوں“۔

واقعی، یہ ظلم کیا گیا تھا۔ عمران خان نے تو محض شادی کا سندیسہ بھیجا تھا جسے عمر چیمہ صاحب نے نکاح کا چھوہارا بنا دیا۔ لیکن عمران خان نے بھی خوب بدلا لیا ہے۔ 18 فروری 2018 کی رات تحریک انصاف کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ سے عمران خان کی شادی کی تصاویر ریلیز کی گئی ہیں جن میں عمران خان کا نکاح مفتی سعید پڑھا رہے ہیں اور عمران خان کے سیاسی سیکرٹری عون چوہدری بھی وہاں موجود ہیں۔ اور کمال یہ کہ عمران خان نے یہ نکاح بشری بی بی سے ہی پڑھوا لیا ہے۔ یاد رہے کہ عمر چیمہ نے یہی الزام لگایا تھا کہ عمران خان کا نکاح مفتی سعید نے بشری بی بی سے یکم جنوری کو پڑھایا تھا اور عون چوہدری اس تقریب میں موجود تھے۔ عمران خان نے عین اسی طرح نکاح پڑھوا کر عمر چیمہ کو شرمندہ کر دیا۔

اس سے قبل ریحام خان سے شادی کی افواہیں بھی اسی طرح اڑائی گئی تھیں کہ نومبر 2014 میں یہ شادی ہو گئی ہے۔ اس پر 31 دسمبر 2014 کو عمران خان نے ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ ”میری شادی کی رپورٹس بے تحاشا مبالغہ آمیز ہیں“۔ لیکن صرف آٹھ دن بعد انہوں نے محض جھوٹے کو اس کے گھر تک پہنچانے کی خاطر ریحام خان ہی سے شادی کا اعلان کر دیا۔

آپ نے نوٹ کیا ہو گا کہ دونوں مرتبہ عمران خان کو اس وجہ سے ایک لڑکی کی عزت بچانے کے لئے اس سے شادی کرنی پڑی کہ اسے پاپارازی صحافیوں نے بدنام کر دیا تھا۔ ہمارے مشرقی معاشرے میں ایک مرتبہ کسی لڑکی کا نام کسی لڑکے کے ساتھ لیا جانے لگے تو لوگ اس سے شادی کرنے سے کتراتے ہیں۔ حالانکہ عمران خان کی ٹویٹس سے صاف ظاہر ہے کہ ان کا نہ ریحام خان سے شادی کرنے کا ارادہ تھا اور نہ ہی بشری بی بی سے، مگر ان دونوں کا نام میڈیا پر اس بری طرح اچھلنے کے بعد عمران خان نے ایک جینٹل مین ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ان لڑکیوں کی عزت بچانے کی خاطر اپنے جذبات کی قربانی دیتے ہوئے شادی کی۔

نعیم الحق صاحب نے بشری بی بی سے شادی کی افواہیں چلنے پر واضح الفاظ میں بتا دیا تھا کہ عمران خان سے اپنی 35 سال طویل رفاقت اور ان کے ذاتی معاملات میں دخیل ہونے کے سبب وہ مکمل یقین سے یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور اگر عمران خان نے شادی کرنی بھِی ہوئی تو وہ 2018 کے جنرل الیکشن کے بعد کریں گے۔
اس کے باوجود عمران خان کو عزت بچانے کی خاطر یہ شادی کرنی پڑ گئی اور انہوں نے ووٹروں پر اس کے اچھے برے اثرات کی پروا نہیں کی۔

لیکن یہ دیکھ کر انتہائی افسوس ہوتا ہے کہ ایک طرف ایسا جینٹل مین، جو ساری زندگی خوشی کو ترستا رہا ہے اور اس کی سب سے بڑی خواہش محض یہ ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کو سکون کے چند لمحات سے بھر لے، اور دوسری طرف اس کے ایسے نادان دوست جو اسے جینے نہیں دیتے۔ شادی بیاہ عمران خان کا بالکل ذاتی معاملہ ہے۔ لیکن پھر ہمیشہ ایسا کیوں ہوتا ہے کہ تحریک انصاف کے آفیشل ترجمان تحریک انصاف کے آفیشل لیٹر ہیڈ یا ٹویٹر اکاونٹ پر عمران خان کی بالکل ذاتی شادی اور طلاق کی پریس ریلیز جاری کرتے رہتے ہیں؟ تحریک انصاف والے عمران خان کو چین سے جینے کیوں نہیں دیتے؟ عمران خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ نادان دوست سے دانا دشمن بہتر ہوتا ہے، وہ بھی شہباز شریف سے مشورہ کر لیں کہ کیسے سیاسی جماعت کے ترجمان کو ذاتی شادی بیاہ کو ایک پبلک افیئر بنانے سے روکا جا سکتا ہے۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar