عامر خان نے رانی مکھرجی سے معافی کیوں مانگی تھی؟


انڈیا کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی کی بڑے پردے پر تقریباً چار سال کے بعد فلم ’ہچکی‘ کے ساتھ واپسی ہو رہی ہے۔

اس فلمی صنعت میں اپنے ابتدائی دنوں میں اپنی مخصوص آواز کی وجہ سے انھیں مشکلات کا سامنا رہا تھا۔

رانی مکھرجی نے بی بی سی کے ساتھ بات کرتے ہوئے ابتدا میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ آج ان کی آواز اپنی شناخت رکھتی ہے لیکن ایک وقت تھا جب فلم سازوں کا خیال تھا کہ ان کی آواز ایک اداکارہ کے لیے بہت موزوں نہیں ہے۔

فلم ’غلام‘ کا قصہ سناتے ہوئے رانی مکھرجی نے بتایا کی اس فلم میں عامر خان، ہدایتکار وکرم بھٹ اور فلم ساز مکیش بھٹ کا خیال تھا کہ ان کی اصل آواز کردار کو زیب نہیں دیتی اس لیے ان کے کردار کی آواز ڈب کروائی گئی۔

وہ اس وقت ’غلام‘ کے ساتھ کرن جوہر کی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں بھی کام کر رہی تھیں۔

تاہم کرن نے رانی سے کہا کہ جب ان کی پہلی فلم انھی کی آواز میں تھی تو وہ اپنی فلم میں بھی رانی کی اصل آواز ہی رکھیں گے۔ رانی مکھرجی کی پہلی فلم بنگالی زبان میں ریلیز ہوئی تھی۔

رانی مکھر جی نے بتایا: ’کرن نئے ڈائریکٹر تھے وہ میرے کردار کی آواز کسی اور سے ڈب کروا سکتے تھے لیکن انھوں نے مجھ پر اعتماد ظاہر کیا اور کہا کی میری آواز میری روح ہے۔ ان کا مجھ پر اعتماد مستقبل میں میرے لیے حوصلے کا باعث بنا۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ دیکھنے کے بعد عامر خان نے مجھے فون کیا اور مجھ سے معافی مانگی اور کہا کہ مجھے یقین نہیں تھا کہ تمہاری آواز فلم کے لیے موزوں ہے لیکن فلم دیکھنے کے بعد میں اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں۔ تمہاری آواز اچھی ہے۔‘

آواز کے علاوہ رانی مکھرجی کے لیے ان کا چھوٹا قد بھی پریشانی کا باعث تھا لیکن خوش قسمتی سے انھوں نے سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کے ساتھ کام کیا جہاں ان کے قد پر کبھی سوال نہیں کیا گيا۔

رانی مکھرجی نے اپنے فلمی سفر میں کئی بڑے ڈائریکٹرز، پروڈیوسرز اور اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

شوہر نے فلموں میں واپسی پر زور دیا

سینیما سکرین پر واپسی کے بارے میں رانی مکھرجی نے بتایا کہ وہ واپسی کے لیے مزید دو تین سال لینا چاہتی تھیں کیونکہ ان کے لیے ان کی دو سالہ بیٹی ادیرا سب سے اہم ہے۔

رانی کے مطابق ان کی زندگی بیٹی کی وجہ سے بہت مصروف ہو گئی تھی لہٰذا ان کے شوہر پروڈیوسر ڈائریکٹر آدیتہ چوپڑا نے ان پر فلموں میں واپس آنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

فلم ’ہچکی‘ میں رانی ایک ایسی ٹیچر کا کردار نبھا رہی ہیں جنھیں ٹاریٹ سنڈروم ہے۔

اس مرض میں مبتلا شخص نے اپنے جذبات کے اظہار کے لیے ہکلانے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ فلم میں رانی کو بات کرتے ہوئے ہچکیاں آتی ہیں۔

اس فلم کی کہانی لوگوں کو تحریک دینے والے معروف امریکی مقرر برینڈ کوہن سے متاثر ہے۔

سدھارتھ پی ملہوترا کی ہدایت میں بننے والی یہ فلم 23 مارچ کو ریلیز ہو رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32503 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp