کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستانی قوم اور میرٹ


\"mfpp\"
اپنے پسندیدہ ڈھابے پر دودھ پتی کا \’سڑکا\’ لگاتے ہوئے میں نے پچھلے بنچ سے آتی آواز کی طرف دھیان دیا، \” اوئے لعنت اس بے ضمیر بکاؤ کرکٹ کمیٹی پر، نواز (اس نے کچھ اور کہا تھا) حکومت نے سیٹھی جیسے بٹھا دیے ہیں، جو کرکٹ کی الف بے نہیں جانتے، اب کرکٹ کا بیڑا غرق ہونا ہی تھا۔\”

میں نے مڑ کر دیکھا، چند کرکٹ کے دیوانے پیپسیاں سامنے رکھے، سموسوں کا \”رگڑے پر رگڑا\” کر رہے تھے۔ دوسرا بولا، \” نالائق بندہ اپنے ہی سفارشی بندے بھرتی کرے گا ناں، کسی کا بھتیجا، کسی کا کوئی اور رشتہ دار، اصلی کھلاڑیوں کو تو یہی سفارشی لے ڈوبے ہیں۔\”

تیسری آواز آئی، \”کسی نے فیس بک پر یہ صحیح لکھا ہے کہ صرف دعاؤں سے نہیں، ورلڈ کپ محنت اور کھلاڑیوں کی میرٹ پر سلیکشن سے جیتا جا سکتا ہے، ویسٹ انڈیز اچھا کھیلا، اور کپ لے گیا۔\”

\”بالکل، یہی بات ہے، صحیح کھلاڑی میرٹ پر تب ہی آئیں گے جب اوپر صحیح بندہ میرٹ پر لایا جائے، بغیر کسی سفارشی کے\”، سب کی ملی جلی رائے مجھ تک پہنچی۔

میں نے ایک گہرا سانس لیا، چلو شکر ہے ہماری اگلی نسل کو میرٹ اور ترقی کا راز تو سمجھ آ گیا۔
\”اوئے ندیدے آخری سموسہ بھی تو نے ہی اٹھا لیا، چل آدھا مجھے دے، ۔۔۔ اور وہ تیرے انٹرویو کا کیا بنا؟ جاب تو اچھی ہے، اگر تجھے مل گئی تو۔\”

\”ابھی کہاں، ابھی تو پیپرز جمع کروائے ہیں، انٹرویو دو ہفتے بعد ہے، میں نے پتہ کروایا ہے، ڈائرکٹر جس نے انٹرویو کرنا ہے، فلاں فلاں نام ہے اسکا، فلاں اسکا پچھلا شہر ہے، دو سال ہو گئے ہیں لاہور میں، ۔ ۔ ۔ لاہور کے ایک علاقے کا نام بولا کہ وہاں رہتے ہیں، کبھی کبھی ساتھ والے پارک میں شام کو جاگنگ کرنے آتا ہے۔\”
میں اٹھتے اٹھتے رک گیا، دوسرے کی آواز آئی، \”اتنی تفصیل کیوں بتا رہا ہے، کیا تو نے اس سے رشتہ داری کرنی ہے؟\”

\”رشتہ داری نہیں، پر تیرے بھائی نے یہ نوکری ہاتھ سے جانے نہیں دینی، سب پتہ کر لیا ہے اس کا، اب بس کوئی بندہ ڈھونڈ جو اسکو جانتا ہو، اسکا قریبی کوئی۔۔۔ بندہ ڈھونڈ بندہ، جو بس یہ جاب مجھے دلوا دے۔ اس بندے کو بھی لاکھ سوا دے دیں گے، بس تو بندہ ڈھونڈ، بندہ۔\”

میں پیسے دے کر باہر نکل آیا، اور ایک گہرا سانس لے کر میں نے سوچا، چلو شکر ہے ہماری اگلی نسل کو میرٹ کی اہمیت کا پتہ چل گیا، چاہے کرکٹ کی حد تک ہی سہی، چاہے ورلڈ کپ جیتنے تک ہی سہی۔۔۔ ہو سکتا ہے کبھی انہیں یہ بھی پتہ چل جائے کہ زندگی کا ہر لمحہ میرٹ پر ہی بسر ہوتا ہے۔
لیکن ابھی منزل دور ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments