باتھ روم میں سرخ روشنی کا فائدہ کیا ہو سکتا ہے؟


عام طور پر ہمارے باتھ رومز میں بہت تیز لائٹس لگی ہوتی ہیں تاہم اب سائنسدانوں نے لال رنگ کی دھیمی لائٹ لگانے کا ایسا فائدہ بتا دیا ہے کہ جان کر آپ ابھی اپنے باتھ روم کی بتی تبدیل کروا لیں گے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی یونیورسٹی آف سرے کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ”باتھ رومز میں سرخ رنگ کی لائٹ لگانے سے ہماری نیند کا معیار بہت بہتر ہو سکتا ہے اور ہم رات کو اٹھ کر باتھ روم جانے کے باوجود پرسکون طریقے سے نیند پوری کر سکتے ہیں۔“

تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر گروگر کا کہنا تھا کہ ”رات کواٹھ کر جب ہم باتھ روم جاتے ہیں تو اس میں موجود تیز لائٹس کی روشنی ہماری نیند کو ختم کر دیتی ہے جس کی وجہ سے ہمیں دوبارہ بستر میں جا کر سونے میں مشکل پیش آتی ہے۔ اگر باتھ روم میں سرخ رنگ کی دھیمی روشنی ہو توباتھ روم سے واپس بیڈ میں آتے ہی ہمیں دوبارہ نیند آ جائے گی۔“ تحقیقاتی ٹیم کی رکن ڈاکٹر وکٹوریہ ریویل کا کہنا تھا کہ ”تیز روشنی ہمیں نیند سے بیدار کر دیتی ہے اور ہمارے اعصاب کو الرٹ کر دیتی ہے جس سے ہمیں دوبارہ سونے میں دشواری ہوتی ہے اور باتھ روم سے واپس آنے پر تادیر نیند نہیں آتی۔ سرخ رنگ کی روشنی ہمارا یہ مسئلہ حل کر سکتی ہے۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).