مادر ملت فاطمہ جناح، عاصمہ جہانگیر، بے نظیر بھٹو اور ملالہ یوسف زئی پاکستان کی خاتون آئیکون ہیں؛ مہوش حیات


پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات فلم نگری میں تو اپنا کمال دکھاتی ہی ہیں لیکن ساتھ ہی خواتین کے حقوق کے لیے بھی اپنی آواز ہمیشہ بلند رکھتی ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے لندن کی کوئین میری یونیورسٹی میں پاکستان کی با ہمت خواتین کو خراج عقیدت پیش کیا اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق لیکچر بھی دیا۔

اس دوران اداکارہ نے بے زبانوں کی زبان معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر، مادر ملت فاطمہ جناح، بے نظیر بھٹو اور ملالہ یوسف زئی کو پاکستان کی خاتون آئیکون قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسی خواتین ہیں جو کبھی بھی دھمکیوں اور ظلم وجبر سے نہیں گھبرائیں اور ہمیشہ مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ عاصمہ جہانگیر کی تدفین میں  مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی موجود تھیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ میں اس سرزمین سے ہوں جہاں عاصمہ جہانگیر کو تنقید کا نشانہ بنانے کے باوجود بھی خواتین نے ان کے کام کو سراہا ہے ۔

مہوش حیات نے مزید کہا کہ عاصمہ جہانگیر سے قبل باہمت خواتین کی فہرست میں فاطمہ جناح اور بے نظیر بھٹو کا نام بھی آتا ہے جنہوں نے آمریت کا دیدہ دلیری سے مقابلہ کیا۔

واضح رہے کہ مہوش حیات خواتین کے حقوق سے متعلق مہم ‘می ٹو می’ کا بھی حصہ ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).