جب بھارتی خاتون نے ساڑھی پہن کر آسمان سے چھلانگ لگائی؛ سکائی ڈائیونگ وڈیو


تھائی لینڈ میں ایک بھارتی خاتون اسکائی ڈائیور نے ساڑھی میں ہزاروں فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر اسکائی ڈائیونگ میں منفرد ریکارڈ بنا ڈالا۔

بھارتی شہر پونے سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ شیتل رانے نے تھائی لینڈ میں ساڑھی پہن کر 13 ہزار فٹ کی بلندی پر جہاز سے چھلانگ لگائی اور اسکائی ڈائیونگ کا مظاہرہ کرکے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

بعد ازاں خاتون اسکائی ڈائیور نے پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر کامیابی سے لینڈنگ کی اور وہاں موجود افراد سے خوب داد وصول کی۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق شیتل کا کہنا تھا، ‘اگلے ماہ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے میں کچھ منفرد کرنا چاہتی تھی، یہی وجہ ہے کہ میں نے اسکائی ڈائیو کے لیے ساڑھی پہننے کا فیصلہ کیا۔’

 
انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا اور اس کے لیے انہیں ساڑھی پہننے سے لے کر ہر چیز کا بہت خیال رکھنا پڑا۔

شیتل کے مطابق وہ یہ ثابت کرنا چاہتی تھیں کہ بھارتی خواتین نہ صرف روزمرہ زندگی میں ساڑھی کو بہت اچھے طریقے سے سنبھال سکتی ہیں بلکہ اسکائی ڈائیونگ جیسے ایڈونچرز کے دوران بھی اس لباس کا استعمال کرسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ شیتل اس سے قبل بھی اسکائی ڈائیونگ کرکے کئی نیشنل اور انٹرنیشنل ریکارڈز اپنے نام کرچکی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).