پی ایس ایل 3: شکیب الحسن اور کرس لِن ان فٹ ہو گئے


کرسن لن

آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز کرس لِن کو لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹگری میں حاصل کیا تھا

پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے قبل ہی اس میں شامل دو غیر ملکی کھلاڑی کرس لِن اور شکیب الحسن زخمی ہو گئے ہیں۔

بدھ کو لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل آسٹریلوی کھلاڑی کرس لِن آک لینڈ میں جاری سہ ملکی سیریز کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے۔

لاہور قلندر کے مینیجر نے کرس لِن کی زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے مایوس کن خبر قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم انھیں پی ایس ایل میں دیکھنا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے وہ زخمی ہو گئے ہیں۔‘

آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز کرس لن کو لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹگری میں حاصل کیا تھا۔

انھوں نے اس سال آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائڈرز کی نمائندگی کی اور پہلے ہی میچ میں ناقابل شکست 93 رنز بنائے تھے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ کرس ِلن پہلی بار پاکستان سپر لیگ میں شامل کیے گئے تھے اور لاہور قلندر نے انھیں اس امید کے ساتھ حاصل کیا تھا کہ فخرزمان اور برینڈن مک کلم کے ساتھ ان کی جارحانہ بیٹنگ ٹیم کی قسمت بدل سکے گی۔

کرس ِلن بگ بیش، آئی پی ایل اور کیربیئن لیگ بھی کا حصہ رہ چکے ہیں۔ وہ سنہ 2015 میں بگ بیش میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے تاہم حالیہ بگ بیش مقابلوں میں وہ پانچ میچز میں صرف ایک نصف سینچری سکور کرپائے ہیں۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے چار میچوں میں وہ ایک بار بھی نصف سنچری عبور نہیں کرسکے ہیں۔

ماضی میں بھی وہ بائیں کندھے کی تکلیف کا شکار رہ چکے ہیں۔

شکیب الحسن

شکیب الحسن پہلے سے ہی فٹنس کے مسائل سے دوچار تھے

شکیب الحسن بھی باہر

پی ایس ایل کی جس دوسری ٹیم کو غیر ملکی کھلاڑی سے ہاتھ دھونا پڑا وہ پشاور زلمی ہے۔

پشاور زلمی میں شامل بنگلہ دیشی کھلاڑی شکیب الحسن بھی زخمی ہو گئے ہیں۔

شکیب الحسن پہلے سے ہی فٹنس کے مسائل سے دوچار تھے۔

اس کے علاوہ بنگلہ دیش کی بین الاقوامی مصروفیات کی وجہ سے تمیم اقبال اور شکیب الحسن اس مرتبہ صرف چار میچوں کے لیے ہی دستیاب تھے۔

پی ایل ایس کے آفیشنل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ شکیب پی ایس ایل میں حصہ نہیں لے سکیں گے تاہم ان کی جگہ ایک اور بنگلہ دیشی کھلاڑی صابر رحمان کو پشاور زلمی میں شامل کیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32193 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp