کائیلی جینر کی ایک ٹویٹ سے سنیپ چیٹ کو کروڑوں ڈالر کا نقصان


کائیلی جینر

کائیلی جینر کے ٹوئٹر پر تقریبا دو کروڑ 45 لاکھ فالوورز ہیں

امریکی ٹی وی سٹار کائیلی جینر کی جانب سے سوشل نیٹ ورکنگ ایپ سنیپ چیٹ استعمال نہ کرنے کے اعلان کے بعد بازارِ حصص میں کمپنی کی قدر میں 1.3 ارب ڈالر کی کمی دیکھی گئی ہے۔

ریالٹی سٹار کم کارڈیشیئن کی سوتیلی بہن کائیلی جینر نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ ’کیا کوئی اور بھی سنیپ چیٹ اب نہیں استعمال کرتا؟ یا ایسا صرف میں ہی کرتی ہوں، یہ بہت افسوس ناک ہے۔‘

کائیلی جینر کے ٹوئٹر پر تقریبا دو کروڑ 45 لاکھ فالوورز ہیں اور ان کی ایک ٹویٹ کے بعد سنیپ چیٹ کے حصص گرنا شروع ہوگئے۔

خیال رہے کہ سنیپ چیٹ نے حال ہی میں اپنی ایپ کا ڈیزئن تبدیل کیا ہے اور اس ڈیزائن کی تخفیف کے لیے تقریباً دس لاکھ افراد ایک آن لائن پٹیشن دائر کر چکے ہیں۔

سنیپ چیٹ کے حصص میں تقریباً آٹھ فیصد کمی کے بعد وال سٹریٹ میں دن کا اختتام چھ فیصد کمی پر ہوا، اور اب وہ دوبارہ 17 ڈالر کی اسی قیمت پر پہنچ گیا ہے جو کمپنی کے سٹاک مارکیٹ میں قدم رکھنے کے وقت تھی۔

https://twitter.com/KylieJenner/status/966429897118728192

https://twitter.com/KylieJenner/status/966432754089918465

سنیپ چیٹ کو فیس بک کی ملکیتی ایپ انسٹاگرام سے پہلے ہی سخت مقابلے کا سامنا ہے اور کائیلی جینر کا یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سرمایہ کار پہلے ہی اس بارے میں پریشان تھے۔

تاہم کائیلی جینر نے اس کے بعد ایک اور ٹویٹ کیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’پھر بھی مجھے سنیپ چیٹ سے پیار ہے،میرا پہلا پیار۔‘

سنیپ چیٹ نے نومبر میں کی جانے والی ڈیزائن کی تبدیلی سے متعلق شکایات کو رد کر دیا ہے، اور اس کے سربراہ ایون سپیگل کا رواں ماہ کے آغاز میں کہنا تھا کہ صارفین وقت کے ساتھ اس کے عادی ہوجائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32559 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp