سندھ میں فیشنی ڈیزائین ڈاڑھی بنائی تو جیل جانا پڑے گا


سندھ کے شہر ٹنڈوآدم میں پولیس کے ایک سب انسپیکٹر کی طرف سے شہر بھر کے حجاموں کو لکھت میں ایک عجیب حکم جاری کیا گیا ہے۔ سندھی زبان میں جاری کیئے جانے والے اس حکم نامہ کا لفظ بہ لفظ متن مندجہ ذیل ہے،

نوٹس مورخہ۔ 2018 19۔ 2
جیسا کہ آپ کو اس نوٹس کے ذریعے آگاہ اور پابند کیا جاتا ہے کہ کسی بھی آدمی کی آپ ڈاڑھی کی فیشن کٹنگ یا ڈیزائین نہیں بنائیں گے۔ اگر کوئی بھی آدمی فیشنی ڈیزائین ڈاڑھی میں پکڑا گیا تو آپ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس کو انتہائی ضروری حکم تصور کیا جائے۔
SIP۔ PS۔ B SECTION۔ TDM
نوٹس پر سب انسپیکٹر صاحب کی مُہر اور کسی کے دستخط ہیں۔

میں نے پہلے تو سب انسپیکٹر لیول کے ایک پولیس آفیسر کے اس حکم نامہ کو جعلی سمجھا کیونکہ ایک تو ایسا مزاحیہ مگر خطرناک حکم نامہ کوئی آفیسر جاری کر نہیں سکتا دوسرے، پولیس کو کسی بھی سطح پر اس طرح انتظامی معاملات کے متعلق حکم جاری کرنے کا اختیار قطعی نہیں ہے۔ مگر تصدیق کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ ایسا حکم نامہ واقعی میں جاری ہوا ہے۔

میں یہ بات سمجھنے سے قاصر ہوں کہ ریاست کا کاروبار مملکت جا کس طرف رہا ہے۔ کبھی یونیورسٹیوں میں عجیب غریب حکم نامے جاری ہو رہے ہیں جیسا اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کی ہاسٹل انتظامیہ نے ماضی میں ایک حکم نامہ جاری کیا تھا کہ ایک بیڈ پر دو لڑکیاں ساتھ نہیں سو سکتیں، ہاسٹل میں رہنے والی لڑکیاں اگر کسی دوسری طالبہ سے اپنا بیڈ شیئر کریں گی تو سزا کے طور پر ان کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

تو کبھی کراچی جیسے شہر میں سپریم کورٹ کے رٹائرڈ جج جسٹس امیر ہانی مسلم کی زیر صدارت قائم اعلٰی سطح کے واٹر کمیشن کے حکم پر جب ذیلی عدالتوں کے جج صاحبان فیکٹریوں سے نکنے والے زہریلے پانی کا معائنہ کرنے نکلے تو 70 کر قریب فیکٹریوں میں ان کو اندر داخل ہی نہیں ہونے دیا گیا۔ میں حیران بھی ہوں اور پریشان بھی کہ ان کی یہ مجال؟ واٹر کمیشن نے تو اس بات کا سخت نوٹس لے کر ایس ایس پی جنوبی کراچی کو طلب کرکے جج صاحبان کی طرف سے فیکٹریوں کے معائنے کو یقینی بنانے اور مزاحمت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ جس پر عمل بھی ہوگا مگر سوال پھر بھی یہ ہے کہ کیا ملک میں قانون کی رٹ واقعی کمزور پڑ کر اس سطح تک پہنچ گئی ہے پولیس والے ڈاڑھی کے ڈیزائین کا فیصلہ کریں گے اور جج صاحبان کو پرائیویٹ فیکٹریوں کے دروازے سے واپس کردیا جائے گا؟

ٹنڈو آدم میں بحر حال ایس ایس پی سانگھڑ نے حجاموں کو فیشنی ڈاڑھی بنانے سے روکنے والے بی سیکشن پولیس اسٹیشن ٹنڈو آدم کے حکم نامے کا نوٹس لے کر ڈی ایس پی صاحب کی ماتحت انکوائری کمیٹی قائم کی جس نے رپورٹ دی ہے کہ یہ حکم نامہ ایس ایچ او صلاح الدین میمن کو بغیر بتائے تھانے کے مُنشی عبداللہ کھوسو نے جاری کیا تھا جس کو ایس ایس پی سانگھڑ راؤعارف اسلم صاحب نے فوری طور پر معطل کردیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).