سری دیوی ہندوستانی سنیما کی پہلی خاتون سپر سٹار کہلاتی تھیں


ہفتے کی رات دبئی میں اچانک انتقال کرنے والی بھارتی اداکارہ سری دیوی نے چار برس کی عمر میں چائلڈ سٹار کے طور پر فلموں میں کام کیا۔ اس زمانے میں وہ تلیگو، تامل اور ملیالم فلموں میں کام کر رہی تھیں۔ تیرہ برس کی عمر میں ہندی فلموں میں قدم رکھنے کے بعد سری دیوی نے پہلی مرتبہ فلم ہمت والا (1983) سے زبردست مقبولیت حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے یکے بعد دیگرے متعدد کامیاب فلمیں دیں جن میں موالی(1983)، تحفہ (1984)، نیا قدم (1984)، مقصد (1984)، ماسٹر جی (1985)، نذرانہ (1987)،  مسٹر انڈیا (1987)، وقت کی آواز (1988) اور چاندنی (1989) شامل تھیں۔

سری دیوی نے 1985 میں معروف اداکار متھن چکرورتی سے شادی کر لی تھی لیکن 1988 میں دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی جس کے بعد سری دیوی نے 1996 میں انیل کپور کے بھائی بونی کپور سے شادی کی جس سے دو بیٹیاں پیدا ہوئیں۔

پندرہ برس کے وقفے کے بعد سری دیوی نے 2013 میں انگلش ونگلش سے دوبارہ اپنے فلم کیریر کا آغاز کیا۔ انہیں 2013 میں بھارتی حکومت نے پدم شری کا اعزاز دیا۔ 2013 ہی میں سی این این کے ایک سروے کے مطابق انہیں سو برس میں بھارت کی عظیم ترین فلمی اداکارہ کے طور پر چنا گیا تھا۔

سری دیوی نے پانچ مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ جیتا اور دس مرتبہ اس اعزاز کے لئے نامزد ہوئیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).