بالی وڈ کے چھ خوبصورت چہرے جن کی پراسرار موت ابھی تک راز ہے؛ قتل، خود کشی یا طبعی موت؟


بالی ووڈ کی چکا چوند ہر انسان کواچھی لگتی ہے لیکن اسی انڈسٹری میں کچھ ایسے بھی فنکار تھے جن کی موت ناصرف پراسرار انداز میں ہوئی بلکہ موت کی وجوہات آج تک واضح نہیں ہوئیں اور اب تک معمہ بنی ہوئی ہیں ۔ کچھ کے بارے میں کہا گیا کہ انہوں نے خودکشی کی تو کچھ کی موت کی وجوہات ہمیشہ مبہم رہیں۔ اس کی تازہ ترین مثال سری دیوی کی غیر فطری انداز میں ہونے والی موت ہے ۔

آیئے کچھ ایسی ہی شخصیات کی پر اسرار اموات سے متعلق تفصیلات پر ایک نظر ڈالیں :

شری دیوی:


بالی ووڈ کی پہلی خاتون سپر اسٹار سری دیوی کی موت کے بارے میں ابتدائی طور پر کہا گیا کہ ان کا انتقال حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث ہوا تاہم دبئی پولیس نے اپنی تحقیقات میں اسے حادثاتی موت قرار دیا۔ پولیس کے مطابق وہ حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں گریں جس سے ان کی موت واقعے ہوئی لیکن ان کے قریبی حلقے اور عام لوگوں کی جانب سے اس پر کئی سخت سوالات کھڑے کئے ہیں ۔ ان کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ انہیں اس بات پر یقین نہیں کہ موت محض حادثہ ہے۔

گورو دت:


گورو دت کا شماربھارت کے نامور اداکاروں اور ہدایت کاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ’پیاسا‘،’ کاغذ کے پھول‘،’ چودھویں کا چاند‘ اور’ مسٹر اینڈ مسز 55 ‘جیسی فلمیں بنائیں۔ گورو دت کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ شروع سے ہی زندگی کو عام لوگوں کے مقابلے میں مختلف انداز میںدیکھا اور برتا کرتے تھے۔ اس نظریئے میں ان کا رویہ مثبت کم اور منفی زیادہ رہا۔سن 1964ء میں صرف 39 سال کی عمر میں وہ اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ ان کی موت زیادہ شراب پینے اور نیند کی گولیاں کھانے سے ہوئی۔ یہ حادثہ تھا یا خود کشی؟ ۔۔یہ معمہ ابھی تک پوری طرح حل نہیں ہو سکا۔

ان کے خاندان کے افراد کا کہنا تھا کہ یہ ایک حادثہ تھا۔ ان کی اپنی بیوی گیتا دت کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں تھے جس کی وجہ سے وہ ہر وقت مایوسی کا شکار رہتے تھے۔ ان کے بیٹوں کا کہنا ہے کہ ان کے والد بیمار خیالات کے مالک تھے اور ان کی باتیں سن کر دوسروں کو بھی مایوسی ہوتی تھی۔

ایک رائے یہ ہے کہ انہوں نے بھارتی اداکارہ وحیدہ رحمٰن سے ناکام عشق کے باعث انہوں نے خود کشی کی تاہم اس بارے میں بھی کوئی حتمی بات نہیں کی جا سکتی کیونکہ وحیدہ رحمٰن نے کئی بار اس بات کی تردید کی کہ ان کا گورو دت سے کوئی افیئر نہیں تھا۔

پروین بابی


سن70ء اور 80ء کی دہائی میں پروین بابی نے بہترین اداکارہ کی حیثیت سے بہت نام کمایالیکن زندگی تنہا گزاری ۔ایک دور میں وہ منشیات بھی استعمال کرنے لگی تھیں۔ پھر وہ ایک طویل عرصے تک ملک سے باہر بھی رہیں۔ 20 جنوری 2005ء میں وہ اپنے ممبئی والے فلیٹ میں مردہ پائیں گئیں۔ ابھی تک اس راز سے پردہ نہیں ہٹ سکا کہ پروین نے خود کشی کی تھی یا ان کی موت فطری تھی۔

دیویا بھارتی


سن90ء کی دہائی کے شروع میں ایک نوجوان اداکارہ دیویا بھارتی نے اپنی خوبصورتی اور بے ساختہ اداکاری سے پورے ہندوستان میں دھوم مچا دی۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ 19 برس کی یہ لڑکی اتنی جلدی موت کی وادی میں اتر جائے گی۔ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک عمارت کے پانچویں فلور سے گر کر ہلاک ہوئیں ۔اس بارے کچھ پتہ نہیں چل سکا کہ انھیںکسی نے دھکا دیا تھا یا وہ نشے کی حالت میں تھیں اور اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں۔

نفیسہ جوزف


وی جے نفیسہ جوزف نے بھی بہت جلد مقبولیت حاصل کی لیکن ان کا فلمی کیرئیر اس وقت اچانک ختم ہو گیا جب 26 برس کی عمر میں ان کا اچانک انتقال ہوگیا۔ پولیس تحقیقات کے مطابق ان کی شادی ایک کاروباری شخص گوتم خندوجہ سے ہونیوالی تھی لیکن کسی بات پر دونوں میں اختلافات ہوئے اور نفیسہ جوزف نے زندگی کو خیر باد کہہ دیا۔

جیا خان


جیا خان نے2008ء میں فلم ’گجنی ‘سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ہی تھا کہ 3 جون 2013کو 25 سالہ جیا خان اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئیں۔شروع میں تو ہر کوئی اسے خودکشی کہہ رہا تھا لیکن ان کی والدہ کا کہنا تھا کہ جیا کا قتل ہوا ہے،ان کا بوائے فرینڈ،سورج پنچولی جیا پر ذہنی تشدد کرتا تھاجس پر پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).