مین عمران خان نہیں کہ تصدیق کیے بغیر الزامات کی بارش کر دوں : نواز شریف


سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے وہ عمران خان نہیں کہ کان میں جھوٹی سچی آواز پڑے اور میڈیا پر بول دیں۔ بنی گالا میں عمران خان کے گھر کے جعلی سرٹیفکیٹ کا علم ہوا، کسی نتیجے پر پہنچ کر بات کروں گا، تصدیق کیے بغیر بات کرنے والا نہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ اُن میں اور عمران خان میں بہت فرق ہے۔ صحافی نے عمران خان کے بیان پر ردعمل جاننا چاہا تو کہا کہ کیا اب وہ خان کے بیان پر تبصرہ کریں گے؟ نواز شریف نے کہا کہ کل سے عمران خان کے بنی گالہ کے گھر کا اشو چل رہا ہے، میں عمران خان نہیں کہ کسی بھی بات پر بولنا شروع کردوں۔انہوں نے کہا کہ میں بہتان تراشی، جھوٹ اور الزامات کی بارش کرنے والا آدمی نہیں اور یہی فرق مجھ میں اور عمران خان میں ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں اپنے وکلا اور دیگر سے عمران خان کی اراضی سے متعلق جعلی دستاویزات کی خبروں کا جائزہ لے رہا ہوں، اس متعلق حقائق سامنے آئیں گے تو بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعوان پہلے اس گھر کو غیر قانونی کہتے تھے اور آج ان کے وکیل ہیں، اب دیکھتے ہیں کہ بابر اعوان آئندہ کس کے وکیل ہوں گے۔

واضح رہے کہ سابق سیکریٹری یو سی بارہ کہو محمد عمر نے بنی گالا میں تجاوزات کے خلاف کیس میں اپنا تحریری بیان سپریم کورٹ میں جمع کرادیا جس میں عمران خان کے گھر کے این او سی کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).