انتقام بذریعہ عورت اور ہیش ٹیگ


پاکستان میں خواتین کو وہ خاص مقام حاصل ہے جو کسی اور مخلوق کی قسمت میں نہیں۔ ہم نے کبھی کسی سے بدلہ لینا ہو تو اس کی عورتوں کے ذریعے لیتے ہیں۔ کسی نے آپ کی بھینس چرا لی، آپ اس کی عورت اٹھا لائیں، کسی نے آپ کی زمین پر قبضہ کر لیا آپ بھری پنچایت میں اس کی دو ماہ کی بیٹی اپنے پچھتر سالہ والد صاحب کے لیے مانگ لائیں۔

کسی عورت نے رشتے سے انکار کر دیا تو اس کے منہ پر تیزاب پھینک دیں، تیزاب نہ ملے تو گولی مار دیں، پستول بھی نہ ملے تو اغواء کر کے اسے زیادتی کا نشانہ بنا لیں۔

کوئی نوجوان آپ کے گھر کی کسی عورت سے محبت کرنے کا گناہ کر لے تو اسے سبق سکھانے کے لیے اس کی بہن کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنالیں۔ چند ماہ پہلے تو ایک خاتون کو ننگا کر کے گاؤں بھر میں گھمانے کا بھی ایک واقعہ پیش آیا تھا۔

غرض جائیداد کا جھگڑا ہو یا زمین کا، روپے کی بات ہو یا بس ایوی سی بحث ہمیشہ دوسرے فریق کا منہ بند کروانے کے لیے ماں بہن کے نام کی موٹی سی گالی دے دیں اور آپ کا مسئلہ حل۔
عورت کا یہ استعمال صرف گاؤں، دیہاتوں اور پسماندہ علاقوں تک ہی نہیں ہے بلکہ شہروں میں بھی ہے، بس ایسے سمجھ لیں کہ رشتہ وہی سوچ نئی۔
آپ نے صحافت کرنی ہے تب بھی عورت کے آنچل سے بڑی پناہ آپ کی خبروں کے لیے کوئی نہیں۔

ان خبروں کا جواب دینا ہو تب بھی عورت ہی آپ کے کام آئے گی۔ فوراً انٹرنیٹ پر جائیں اور خبر دینے والے صحافی کی بیٹی سے متعلق مختلف اقسام کی گوہر افشانیاں شروع کر دیں۔ جلد ہی آپ کا بنایا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن جائے گا۔

بس تھوڑا سا خیال رکھیں، ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے ٹویٹس کچھ ایسی کریں:
دوستو! اس ہیش ٹیگ کا استعمال نہ کریں، ہم اس صحافی جیسی گھٹیا حرکتیں نہیں کر سکتے۔ ہیش ٹیگ
میں فلاں سیاسی پارٹی کے میڈیا سیل سے ہوں اور میں اعلان کرتی ہوں کہ اس ہیش ٹیگ سے میرا کوئی واسطہ نہیں۔ ہیش ٹیگ
اس ہیش ٹیگ کو کون استعمال کر رہا ہے؟ ہیش ٹیگ
پلیز یہ ٹرینڈ فالو نہ کریں۔ ہیش ٹیگ

لیں جی سانپ بھی مر گیا اور لاٹھی بھی نہیں ٹوٹی۔ ہیش ٹیگ کا استعمال بھی ہو گیا اور آپ پارسائی کے سب سے اونچے مینار تک بھی پہنچ گئے۔

اب آج خواتین کا عالمی دن ہے۔ اپنے اسی ٹویٹر اکاؤنٹ سے یہ ٹویٹ کر دیں:
ہمیں خواتین کی عزت کرنی چاہئیے اور انہیں وہی حقوق دینے چاہئیے جو بطور انسان ان کا حق ہیں۔ ہیش ٹیگ ویمنز ڈے
اس بہتی گنگا میں، میں بھی ہاتھ دھو لوں۔ پاکستان کے تمام باسیوں کو میری طرف سے خواتین کا عالمی دن مبارک۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).