چیئرمین پی سی بی کے لیے ماجد خان کا نام زیر غور
وفاقی وزیر کھیل ریاض پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ کرکٹ بورڈ میں اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں ، ماجد خان کو چیئرمین پی سی بی بنانے کی تجویز بھی وزیراعظم کو بھجوائی گئی ہے۔ قومی اسمبلی میں کرکٹ ٹیم کی ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں کارکردگی کے حوالے سے تقریر کرتے ہوئے وزیر کھیل ریاض پیرزادہ نے ایوان کو بتایا کہ کرکٹ ٹیم نے اپنی کارکردگی سے قوم کو مایوس کیا ، ٹی 20 میں گیند بازوں نے اچھی کارکردگی دکھائی مگر بلے بازوں نے مایوس کیا ، کرکٹ بورڈ میں اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ماجد خان کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنانے کی تجویز وزیر اعظم کو دی ہے، اگر کرکٹ ٹیم عوامی امنگوں کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائے گی تو اسے خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ وقار یونس نے رپورٹ میں کہا ہے کہ پورے کرکٹ بورڈ میں کوئی ایک بھی کرکٹر نہیں، سارا بورڈ سفارشی ہے۔ رکن قومی اسمبلی خالدہ منصور کا کہنا تھا کہ بورڈ کو سیاست سے پاک کیا جائے۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).