پورن سٹار سٹارمی ڈینیئل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر مقدمہ دائر کر دیا


بالغوں کے لئے فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ اسٹیفنی کلفورڈ نے منگل کی رات لاس اینجلس (کیلی فورنیا) کی سپریئر کورٹ میں امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ 2016 کے صدارتی انتخاب سے قبل ڈونلد ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن نے ان سے ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر کے عوض خاموش رہنے کا جو معاہدہ کیا تھا اس پر ڈونلد ٹرمپ نے دستخط نہیں کئے چنانچہ اسٹیفنی کلفورڈ (اسٹارمی ڈینیئل) صدر ٹرمپ کے بارے میں کسی معاہدے کی پابند نہیں ہیں۔

اسٹیفنی کلفورڈ کے وکیل کا کہنا ہے کہ ڈونلد ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن نے رقم ادا کرنے کے لئے ٹرمپ کارپوریشن کے سرکاری ای میل سے خط و کتابت کی جس کے ثبوت موجود ہیں۔ مائیکل کوہن اس رقم کا ماخذ یا وجہ بتانے سے قاصر ہیں لہذا رقم کی منتقلی دراصل انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مائیکل کوہن کا موقف ہے کہ صڈر ٹرمپ اور ان کی انتخابی مہم کا عملہ اس لین دین سے مکمل طور پر بے خبر تھا۔ اسٹیفنی کلفورڈ نے دعویٰ کیا ہے ڈونلڈ ٹرمپ اس معاملے سے پوری طرح باخبر تھے۔ اسٹیفنی کلفورڈ نے منگل کے روز مختلف ٹیلی ویژن انٹرویوز میں بتایا کہ ان کے پاس ڈونلد ٹرمپ کے ساتھ 2006 اور 2007 میں جنسی مراسم کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ وہ 2016 کے صدراتی انتخاب سے قبل یہ تفصیلات بیان کرنا چاہتی تھیں لیکن انہیں دباؤ ڈال کر خاموش رہنے پر مجبور کیا گیا۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلد ٹرمپ کے قانونی مشیروں نے اس معاملے میں پے در پے غلطیاں کی ہیں جن کی وجہ سے ڈونلد ٹرمپ مشکل صورت حال سے دوچار ہو گئے ہیں۔ بعض ذرائع کے مطابق صدر ڈونلد ٹرمپ کی مئی میں شمالی کوریا کے رہنما کم ان جونگ سے ملاقات کا شوشا بھی دراصل عریاں فلموں کی اداکارہ اسٹیفنی کلفورڈ کے اسکینڈل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).