اگر یہ دو بچیاں جڑواں تھیں تو دوسری 87 دن بعد کیسے پیدا ہوئی؟ قدرت کا حیرت انگیز کرشمہ


ایمی اپنی جڑواں بہن کیٹی سے 87 دن بڑی ہے۔ دونوں کی پیدائش آپریشن سے نہیں بلکہ قدرتی طریقے سے ہوئی ہے۔ جڑواں بچوں کی پیدائش میں اتنا زیادہ فرق اب گینیز بک میں ایک ریکارڈ کی حیثیت سے درج ہے۔ اس سے پچھلا ریکارڈ 84 دن کا تھا۔

آئرلینڈ کی نرس ماریا جب حمل کے بعد الٹرا ساؤنڈ کرانے گئیں تو اپنے گزشتہ دو حمل کی طرح الٹرا ساؤنڈ میں ایک گول سے نشان کی بجائے دو نشان دیکھ کر وہ پریشان ہو گئیں۔ لیکن ان کو نرس نے بتایا کہ ان کے ہاں جڑواں بچے پیدا ہونے والے ہیں۔ شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب حمل کے 23 ہفتے اور 5 دن بعد ماریا کو پیٹ میں شدید تکلیف ہوئی۔ وہ اپنے ڈاکٹر کے پاس گئیں تو ڈاکٹر نے ان کو فوراً ہسپتال جانے کا کہا۔ ہسپتال جانے کے چند گھنٹے بعد ہی بچوں کی تھیلی پھٹ گئی۔ ڈاکٹروں نے بچوں کی زندگی سے نا امیدی ظاہر کر دی۔

یہ وقت ماریا اور ان کے شوہر کرس کے لئے نہایت پریشانی کا تھا۔ لیکن انہوں نے امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔ وہ دعائیں کرتی رہیں۔ دو دن بعد ایمی پیدا ہو گئی۔ اس کا وزن صرف ایک پاؤنڈ اور تین اونس تھا۔ اسے فوراً آئی سی یو میں پہنچا دیا گیا۔

ابھی دوسری بچی کیٹی پیٹ میں ہی تھی کہ درد زہ رک گیا۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ انہوں نے ایسا کیس کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے ادویات کے ذریعے درد زہ کی کوشش کی مگر کوئی فرق نہ پڑا۔ ماریا اور کرس نے کہا کہ مزید کچھ نہ کیا جائے، آگے جو خدا کی مرضی۔

ماریا نے اس وقت تک ہسپتال میں رکنے کا فیصلہ کیا جب تک دونوں بچیوں کی زندگی نہ بچ جائے۔ کئی دن بعد پہلی مرتبہ ماریا نے ایمی کو دیکھا۔ اس کے بعد ہر روز آئی سی یو میں ایمی کو دیکھنے کی اجازت مل گئی۔ پانچ ہفتے بعد ماریا کو اجازت ملتی کہ وہ ایمی کو گود میں لے سکے۔

87 دن بعد کیٹی پیدا ہوئی۔ اس کا وزن پانچ پاونڈ اور دس اونس تھا۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ یہ معجزہ ہے کہ دونوں بچیاں زندہ بچ گئیں۔

کیٹی کی پیدائش کے بعد جب کرس بچوں کا اندراج کرانے گئے تو دفتر کا عملہ پریشان ہو گیا کہ اندراج کیسے کیا جائے۔ بالآخر ان کے سرٹیفیکیٹ پر لکھا گیا ”ایمی ایلیٹ، پہلی جڑواں، تاریخ پیدائش یکم جون 2012، اور کیٹی ایلیٹ، دوسری جڑواں، تاریخ پیدائش 27 اگست“۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).