اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک اور نقصان، رومان رئیس بھی پی ایس ایل سے باہر


پاکستان سپر لیگ میں شامل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے بقیہ میچوں میں بھی اپنے فاسٹ بولر رومان رئیس کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

رومان رئیس ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے گھٹنا زخمی ہونے کے سبب ان فٹ ہو گئے تھے۔

تاہم امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ وہ صحتیاب ہو کر جلد ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

انضمام الحق کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے سے پریشان

’عماد وسیم کی حالت اب ٹھیک ہے‘

آندرے رسل ان فٹ ہوکر پی ایس ایل سے باہر

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیم کے فزیو ایرل ایلکاٹ رومان کی چوٹ کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر سے رابطے میں تھے اور وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اگرچہ رومان کی حالت میں بہت بہتری آئی ہے ان کا گھٹنا بولنگ کرتے ہوئے زیادہ وزن نہیں سہار رہا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر کا مشورہ یہی ہے کہ رومان کو مکمل صحت یابی تک آرام کرنا چاہیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا کہنا ہے کہ اسے افسوس ہے کہ رومان پی ایس ایل تھری کے بقیہ میچوں میں ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے لیکن ان کا آرام کرنا ہی درست فیصلہ ہے۔

رومان رئیس اسلام آباد یونائیٹڈ کے وہ دوسرے کھلاڑی ہیں جو زخمی ہو کر پی ایس ایل سے باہر ہوئے ہیں۔

اس سے قبل 29 سالہ ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے سبب پاکستان سپر لیگ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ اور بولنگ کوچ وقاریونس نے کھلاڑیوں کی فٹنس کے معاملے پر بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ چونکہ ٹی ٹوئنٹی تیز فارمیٹ ہے لہذا کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رومان رئیس اور آندرے رسل کا ان فٹ ہونا یقیناً اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے بڑا نقصان ہے لیکن وہ پرامید ہیں کہ جن کھلاڑیوں کو ابھی تک موقع نہیں ملا وہ ملنے والے موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp