عقل، تحمل اور برداشت۔ ۔ ۔ داخلہ منع ہے  


\"ramish-fatima\"\”قادیانیوں کا داخلہ ممنوع ہے\” کی کامیاب نمائش کے بعد پیشِ خدمت ہے \”وہابی ناٹ الاؤڈ\”۔۔۔۔

یہ چار پانچ سال پرانی بات ہے۔ جب ہم اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر ایبٹ آباد میں قیام پزیر تھے۔ جدون پلازہ کی خاک چھانتے ایک دکان میں داخل ہوئے۔ ساتھ ہی ایک اسٹیکر نما پیغام پہ نظر پڑی \” ہم قادیانی حضرات کے ساتھ لین دین نہیں کرتے\” اس پیغام کو پڑھ کے ہم دکان سے باہر آ گئے کہ ہم ایسے تعصب پسند دکاندار سے لین دین کیسے کر سکتے ہیں، یہ بھلا کوئی روئے زمین پہ آخری دکان تھوڑی ہے۔

اس پیغام میں اطمینان کا واحد پہلو البتہ یہ تھا کہ اپنے ناپسندیدہ گروہ کا مختلف چوپائوں سے تعلق جوڑنے والے جیسے اسٹیکروں کی بھرمار کے بیچ مذکورہ اسٹیکر مین تعصب اور عدم برداشت کو واضح اعلان تو تھا مگر اس کے علاوہ زبان و بیان کا حتی المقدور خیال رکھا گیا تھا۔ بالکل صاف بتا دیا گیا تھا کہ فلاں گروہ کے ساتھ کاروباری تعلق قبول نہیں ہے۔

\"ramish\"آج اتنے سال بعد یہ واقعہ یوں یاد آ گیا کہ سوشل میڈیا پہ ایک تصویر دیکھی۔ ایک کینٹین کے بورڈ پہ لکھا ہے \”وہابی ناٹ الاؤڈ\” ۔۔۔ یعنی جو وار ہم ایک گروہ  پہ کرتے پھر رہے تھے، اس کی آنچ اب دوسرے گروہوں تک پہنچ رہی ہے۔ اب کیا مکافاتِ عمل پہ یقین کر لینا چاہیئے کہ جیسا کرو گے، ویسا بھرنا ہی پڑے گا؟ میں نہیں جانتی کہ اس کینٹین والے کا مسلک کیا ہے، لیکن عدم برداشت اور تعصب کی خیر ہو کہ یہ خصوصیات بلاتفریق ہر مسلک کے لوگوں میں پائی جاتی ہیں۔

مسجدیں تو فی سبیل اللہ فرقوں میں بانٹی جا چکی ہیں ۔ اب کاروباری اداروں میں امتیازی سلوک، نفرت، عداوت اور تعصب کا دایرہ پھیلتا جا رہا ہے۔ مذہب کا منصب انسانوں کا اخلاق بہتر بنانا تھا، مگر اہل عقیدہ کی خیر ہو کہ تعصب خوب اچھے طریقے سے سکھایا جا رہا ہے، تفرقے کی کھیتی پھل پھول رہی ہے۔۔۔ اور یہ دیوانگی کہیں جا کر رکنے والی نہیں ہے۔

آئے روز اہلِ تشیع کی ٹارگٹ کلنگ ایک معمول ہے جسے شاید اب خبر بھی نہیں سمجھا جاتا، یا پھر شاید اپنی جان کے صدقے ہم خاموش رہنا پسند کرتے ہیں۔

شاید ابھی ہم اتنے بڑے نہیں ہوئے کہ اختلاف پہ اتفاق کر سکیں۔ کافر کافر، عدم برداشت اور تعصب کی اس بھیڑچال میں تہذیب، معاشرت اور انسانیت جیسے از کار رفتہ احساسات کو جگانے کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے لیکن تعصب کے غلام اب بھی سوئے رہنا چاہتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
7 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments