دوران پرواز بیلٹ باندھے رکھنا کیوں ضروری ہے؟ جب ائیرہوسٹس کی ٹانگ ٹوٹی اور مسافر بچ گئے


دو روز قبل آسٹریلیا کی قنتاس ائیرلائن کے ایک طیارے نے دوران پرواز ایسا خطرناک غوطہ کھایا کہ ایک ائیرہوسٹس کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ دوسری اپنی سیٹ سے اچھل کر نیچے گری اور شدید زخمی ہو گئی۔

میل آن لائن کے مطابق کینبرا سے پرتھ جانے والی پرواز میں اچانک سیٹ بیلٹ کا اشارہ آن ہوا تو مسافروں نے جلدی سے اپنی سیٹ بیلٹس باندھ لیں جبکہ عملے کے ارکان بھی اپنی مخصوص سیٹوں پر بیٹھ گئے۔ ائیرٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر پائلٹ 320ناٹ کی رفتار سے نیچے آرہا تھا لیکن تیز ہواﺅں کی وجہ سے طیارے کی نیچے آنے کی رفتار غیر متوقع طور پر بڑھ گئی۔ طیارے کو اوپر لیجانے کی کوشش میں پائلٹ نے آٹو پائلٹ کی ہدایا ت کو نظر انداز کیا، لیکن ایسی صورت میں کنٹرول وہیل پچ آن ہونے کی بجائے آٹوپائلٹ نے بالکل کام چھوڑ دیا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ طیارہ پہلے ایک جھٹکے کے ساتھ نیچے آیا اور پھر ایک اور زبردست جھٹکے کے ساتھ اوپر اٹھا، اور یہ سب کچھ چند لمحوں کے دوران ہی ہوا۔

اس دوران مسافر تو سیٹ بیلٹ باندھ چکے تھے لیکن کیبن میں ایک ائرہوسٹس کھڑی ہوئی تھی۔ وہ طیارے کے اچانک اوپر اٹھنے سے لگنے والے شدید جھٹکے کو سہہ نہ سکی اور اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ ایک اور ائیرہوسٹس اپنی سیٹ سے اچھل کر گری اور شدید زخمی ہو گئی۔ اس کے سر، گردن اور کمر پر چوٹیں آئیں۔ اس واقعے کے 20 منٹ بعد طیارے نے لینڈنگ کی اور اس دوران دونوں ائیرہوسٹسیں زخمی حالت میں شدید درد برداشت کرنے پر مجبور رہیں۔ طیارے کے 177 مسافر بروقت سیٹ بیلٹ باندھ لینے کی وجہ سے محفوظ رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).