وہ عادت جو آپ کی بہت سی بیماریوں کی وجہ ہے


اگر آپ کو سردرد، سانس کے مسائل یا جلد کی بیماری جیسے مسائل لاحق ہیں تو اس کی ایک وجہ آپ کا باڈی سپرے یا پرفیوم بھی ہوسکتا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ 25 فیصد سے زائد افراد ان بیماریوں میں باڈی سپرے یا پرفیوم وغیرہ میں پائے جانے والے کیمیکلز کی وجہ سے مبتلا ہو رہے ہیں۔

آسٹریلیا میں کی گئی ایک تحقیق کے دوران 1100 افراد پر باڈی سپرے اور پرفیوم میں پائے جانے والے کیمیکلز کے اثرات کا مطالعہ کیا گیا ہے۔ تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ ان میں سے تقریباً 25 فیصد افراد ایسے تھے جو باڈی سپرے، پرفیوم اور ائیرفریشنر جیسی پراڈکٹس میں پائے جانے والے کیمیکلز کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہوچکے تھے۔ ان بیماریوں میں آدھے سر کا درد، دمہ او رجلدی مسائل سرفہرست تھے۔

سائنسی جریدے ’نیو سائنٹسٹ‘ میں شائع ہونے والی میلبرن یونیورسٹی کی اس تحقیق میں مزید بتایاگیا ہے کہ اکثر افراد کو ان مسائل کا اندازہ اس وقت ہوتاہے جب بہت تاخیر ہوچکی ہوتی ہے۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس مسئلے کی سنگینی میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے۔ اس سے پہلے 2002ءمیں کی گئی ایک تحقیق میں تقریباً تین فیصد افراد ایسے تھے جن کی مختلف نوعیت کی بیماریوں کی وجہ باڈی سپرے، پرفیوم، ائیرفریشنر اور دیگر ایسی مصنوعات تھیں لیکن اب یہ شرح 26 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).